مودی حکومت نے یوم جمہوریہ سے قبل پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دیں
نئی دلی19 جنوری (کے ایم ایس)
بھارت میں مودی حکومت نے یوم جمہوریہ کی تقریبات کے سلسلے میں الرٹ جاری کرنے کے بعد اب پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی ہیں۔ اسپیشل پولیس کمشنر نے پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کرنے کیلئے دلی پولیس کے حکم نامے پر دستخط کردیے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ یوم جمہوریہ کی پریڈ کے انتظامات کے پیش نظر دلی پولیس کے تمام اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ حکمنامے میں پولیس کے تمام سینئر افسروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ یوم جمہوریہ پریڈ کیلئے زیادہ سے زیادہ اہلکاروں کی تعیناتی کو یقینی بنائیں۔دلی پولیس کا کہنا ہے کہ یوم جمہوریہ کی تقریبات کے لیے تین حصار پر مشتمل سیکورٹی کا سخت انتظام کیاگیا ہے۔ پنجاب میں وزیر اعظم مودی کے قافلے کی ناقص سیکورٹی کی وجہ سے زیادہ سے زیادہ سیکورٹی اہلکاروں کو تعینات کیاجارہا ہے تاکہ نئی دلی میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔ماہرین کا خیال ہے کہ بی جے پی حکومت اپنے مذموم مقاصد کے حصول کیلئے یوم جمہوریہ کی تقریبات کے دورا ن کوئی ڈرامہ رچا سکتی ہے۔