نیشنل کانفرنس کا ہائی وے پر پھلوں کے ٹرکوں کو روکنے پر اظہارتشویش
سرینگر 26 ستمبر (کے ایم ایس)غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس نے سرینگر جموں ہائی وے پر پھلوں کے ٹرکوں کو روکنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرینگر جموں شاہراہ پر پھلوں سے لدے ٹرکوں کو کئی دنوں تک روکنے سے پھلوں کی مقامی صنعت کو بھاری نقصان ہو رہا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حلقہ انتخاب اسلام آباد سے این سی کے رکن پارلیمنٹ حسنین مسعودی نے سرینگر میں ایک بیان میں پھلوں کے کاشتکاروں اور تاجروں کے حوالے سے انتظامیہ کی بے حسی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہائی وے پر پھلوں کے ٹرکوں کی بار بار روکنے سے یہ پھل بھارت کی مختلف منڈیوں تک پہنچنے سے پہلے ہی خراب ہوجاتے ہیں جس سے کاشتکاروں ، تاجروں اور پھلوں کی صنعت کو بھاری نقصان ہوجاتا ہے۔حسنین مسعودی نے ہائی وے پر ٹریفک کی بدانتظامی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹریفک خاص طور پر سپلائی ٹرک ، سیاحوں کی گاڑیاں اور کشمیر سے سالانہ پیداوار لے جانے والے ٹرکوں کی ہموار نقل و حرکت کو یقینی بنانے کا مسئلہ متعلقہ وزارت کے ساتھ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر اٹھاتے رہے گے۔