محبوبہ مفتی کی کشمیر بارے یوگی آدتیہ ناتھ کے بیان پر کڑی تنقید
جموں17ستمبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طورپربھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے کشمیری عوام کو پلاٹ فراہم کرنے کے بھارتی ریاست اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے حالیہ بیان پر انہیں شدید تنقید کانشانہ بنایا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے ضلع پونچھ کی تحصیل مینڈھر میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یوگی آدتیہ ناتھ کوکشمیریوں کی فکر کرنے کی بجائے پہلے یوپی کے بے گھر لوگوں کو گھر اور بھوکوں کو کھانا فراہم کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت نے جموں و کشمیر کے عوام کے تمام بنیادی حقوق چھین کر انہیں مشکلات کے بھنور میں دھکیل دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیاکہ وہ جموں وکشمیر ریاستی حیثیت کی بحالی صرف بھارتی آئین کی دفعہ 370اور 35اے کے تحت ہی قبول کریں گی۔محبوبہ مفتی نے کہاکہ قابض بھارتی فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں کشمیریوں پرمسلسل ظلم و تشدد اور انہیں ہراساں کئے جانے کا سلسلہ جاری ہے ۔