کشمیریوں کو اپنی ثقافت اور شناخت پریلغار کا مقابلہ کرنے کیلئے متحد ہونا پڑے گا، محبو بہ مفتی
سرینگر12 مئی (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میںسیاسی جماعتوں نے کشمیری عوام کی عزت اور وقار پر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی یلغار کو ناکام بنانے کے لیے اتحاد کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدرمحبوبہ مفتی نے سرینگرمیں ایک پارٹی تقریب میں کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو اپنی ثقافت اور شناخت پر حملے کا مقابلہ کرنے کے لیے متحد ہونا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کودفعہ 370 کی منسوخی کے بعد بہت سے چیلنجوں کا سامنا ہے جس میں مقامی لوگوں کو بے اختیار کرنے کی کوششیں بھی شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ صورتحال یہ ہے کہ یہاں مقامی لوگوں کی زمینی ملکیت کو ختم کرنے کے مقصد سے قانون لائے جا رہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ بے بنیاد الزامات کی پاداش میں نوکریوں سے نکالے جانے والے کشمیری ملازمین عدالت سے رجوع کرنے سے خوفزدہ ہیں کیونکہ انہیں خدشہ ہے کہ اگر وہ ایسا کرتے ہیں تو ان پر دہشت گردی کے الزام میں مقدمہ درج کر کے جیل بھیج دیا جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ ہمیں بے اختیار اور کمزور کیا جا رہا ہے۔ وہ ہمارے وقار پر حملہ کر رہے ہیں۔
جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی (جے کے پی سی سی) کے چیف ترجمان رویندر شرما نے ایک بیان میں چیف الیکشن کمشنر (سی ای سی) کے اس دعوے کو مسترد کردیا کہ حد بندی رپورٹ بالکل ٹھیک ہے۔انہوںنے کہا کہ سی ای سی کے دعووں میں کوئی قابل اعتماد دلائل نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی اکثریت سیاسی وابستگیوں، ذات پات، نسل، رنگ، مذہب اور علاقے سے قطع نظر انتخابی حد بندی کی حتمی رپورٹ میں کئی بے ضابطگیوں کے خلاف آواز اٹھا رہی ہے۔ کے پی سی سی کے قائمقام صدر رمن بھلا نے کہا کہ کشمیری عوام اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو سبق سکھائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگ بی جے پی اور اس کے لوگوں کو سبق سکھانے کے اگلے دستیاب موقع کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔