بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیر کو ایک بڑے عقوبت خانے میں تبدیل کردیا ہے
اسلام آباد 26 جون (کے ایم ایس) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے بیگناہ شہریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی مظالم کو روکنے کیلئے اپنا کردار اداکریں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر نے آج تشدد کے متاثرین کی حمایت کے عالمی دن کے موقع پر انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کے نام ایک خط میں کہا ہے کہ بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں بدنام زمانہ تفتیشی مراکز قائم کر رکھے ہیں جہاں وحشیانہ تشدد کے دوران ہزاروں کشمیری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ نے خط میں لکھا کہ بھارت نے مقبوضہ جموںو کشمیر کوایک بڑے عقوبت خانے میں تبدیل کر کے کشمیریوں کا جینا حرام کر دیا ہے۔ خط میں کہا گیا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما محمد اشرف صحرائی کو جموں خطے کی ادھم پور جیل میں غیر قانونی حراست کے دوران شہید کیا گیا ۔خط میں کہا گیا بھارتی فوجی محاصروں اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران گھروں پر چھاپوں کے دوران جنس و عمر کا لحاظ کیے بغیر مکینوں کو تشدد کا نشانہ بناتے ہیں اور لوٹ مار کرتے ہیں جبکہ گھروں کو کیمیائی مواد کے ذریعے نذر آتش کردیتے ہیں۔