سرنکوٹ میں کشمیریوں کے دوران حراست قتل کیخلاف جہلم ویلی میں احتجاجی مظاہرہ
مظفرآباد:بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کے ضلع پونچھ کے علاقے سرنکوٹ میں بھارتی فوج کی حراست میں3 کشمیری شہریوں کے قتل کے خلاف جہلم ویلی میں تحریک شباب المسلمین سٹوڈنٹس ونگ کے زیر اہتمام ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مظاہرے کی قیادت حریت رہنما اور وایس چیرمین تحریک شباب المسلمین مشتاق احمد بٹ نے کی ۔ مظاہرے میں ریاض احمد اعوان ، منیر کونشی، جہانگیر قریشی ،زبیر خان درانی، سلیم میر ،آصف درانی،امتیاز اعوان ،ارشد اعوان، آفتاب اعوان، نزاکت قریشی ، فلک خان، راجہ عباس خان، قدوس کشمیری ، صدیقی خان اور راشد اعوان کے علاوہ بڑی تعداد میں نوجوانوں اور شہریوں نے شرکت کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مشتاق احمد بٹ کہا کہ بھارتی فوج گزشتہ تین دہائیوں کے دوران دس ہزار سے زائد کشمیریوںکو حراست کے دورن شہید کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرنکوٹ کا واقعہ بھی جموں وکشمیر میں جاری بھارتی جنگی جرائم کی بدترین مثال ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں تعینات دس لاکھ سے زائد بھارتی فوجیوں نے پورے مقبوضہ علاقے میں خوف ودہشت کا ماحول قام کر رکھا ہے اور کشمیری عوام کے تمام بنیادی حقوق سلب ہیں۔اس موقع پر انہوں نے جدوجہد آزادی کشمیر کو ہر قیمت پراسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے کشمیریوں کے عزم کااعادہ کیا۔مشتاق بٹ نے اقوام اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ سرنکوٹ میں کشمیری شہریوں کے دوران حراست قتل کا فوری نوٹس لیں اور اسکی غیر جانبدارانہ تحقیقات اور اس میں ملوث بھارتی فوجیوں کے خلاف سخت کارروائی کیلئے دبائو بڑھائیں۔ احتجاج کے آخر پر ایک احتجاجی ریلی بھی نکالی گئی ۔ ریلی کے شرکاء نے بھارت مخالف اور آزادی کے حق میں شدید نعرے بازی کی۔