مقبوضہ جموں و کشمیر

بھارت 5اگست 2019کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات فوری منسوخ کرے : پاکستان

اسلام آباد04اگست (کے ایم ایس)
پاکستان نے بھارت پر زوردیا ہے کہ وہ 5اگست2019کے اپنے یکطرفہ اورغیر قانونی اقدامات منسوخ کرے اور دیرینہ تنازعہ کشمیر کے پر امن حل کیلئے بامعنی مذاکرات کی غرض سے سازگار ماحول کے قیام کیلئے ضروری اقدامات کرے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے اسلام آباد میںاپنی ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران کہاکہ کل 5اگست کو بھارت کے مقبوضہ جموں کشمیر میں یکطرفہ اورغیر قانونی اقدامات کو 3 سال مکمل ہونے کے موقع پر یوم استحصال منایا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ بھارت نے مقبوضہ علاقے میں آبادی کا تناسب بگاڑنے کیلئے لاکھوں جعلی ڈومیسائل سرٹیفکیٹس جاری کئے ہیں تاکہ مقبوضہ علاقے کی مسلم اکثریتی شناخت کو اقلیت میں تبدیل کیاجاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں 9لاکھ سے زائد بھارتی قابض فوجی تعینات ہیں جبکہ مقبوضہ جموں کشمیر میں لاک ڈان، انٹرنیٹ کی بندش اور کشمیریوں کاماورائے عدالت قتل مسلسل جاری ہے ۔انہوں نے کہاکہ کشمیری قیادت اپنے حق خود ارادیت کے لیے آوازبلند کرنے پر گھروں اور جیلوں میں نظربند ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے سول سوسائٹی کے ارکان، انسانی حقوق کے علمبرداروں، وکلا اور صحافیوں کے خلاف پابندیاں لگا دی ہیں اور پکڑ دھکڑ کی کارروائی جاری ہے اور انہیں کالے قانون کے تحت ہراساں کرکے ان کے خلاف مقدمات چلائے جارہے ہیں۔ترجمان نے کہاکہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ حیثیت کو نقصان پہنچانا اور آبادی کے تناسب میں تبدیلی کرنا غیر قانونی اقدامات ہیں جو بین الاقوامی قانون اور جموں و کشمیر کے تنازعہ کے بارے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگست 2019 سے اب تک بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض فوج کے ہاتھوں کم سے کم 660کشمیری شہید ہوچکے ہیں۔ عاصم افتخار نے کہاکہ ان تمام اقدامات کے باوجود بھارت کشمیری عوام کے غیرمتزلزل جذبے کو دبانے میں بری طرح ناکام رہا ہے جو بھارت کے غیرقانونی تسلط کو یکسر مستردکرتے ہوئے پختگی سے کھڑے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان قوم بھارتی مظالم کی مذمت میں یوم استحصال کے موقع پر مقبوضہ کشمیر ، آزادکشمیر اور دنیا بھر میں کشمیریوں کے شانہ بشانہ ہے ۔ترجمان نے کشمیریوں کی جدوجہد کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کیلئے پاکستان کی مسلسل ، غیرمتزلزل اورہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button