سرینگر :شہریوں کو ہراساں کرنے کیلئے گھروں پر پٹرول بم پھینکے گئے
سرینگر09 اگست ( کے ایم ایس)
غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں سرینگر کے علاقے برزلہ میں سادہ کپڑوں میں ملبوس لوگوں کی طرف سے گھروں کو نذر آتش کرنے کیلئے پٹرول بم پھینکنے کے واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیاہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ واقعہ پیر کی نصف شب برزلہ میں پیش آیا۔ایک مقامی رہائشی معراج الدین شیخ نے میڈیا کو بتایا کہ وہ پیر کی شب تیز آواز سے بیدار ہوااورگھر کے بیرونی دروازے کی طرف بھاگا ۔انہوں نے بتایا کہ انہوں نے وہاں دیکھا کہ کوئی شخص گھروں پر پیٹرول بم پھینک پھینک ر ہا ہے۔انہوں نے حملہ آوروںکو روکنے کی کوشش کی اور اپنے پڑوسیوں کو جگایا۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ شور نہ مچاتے تو حملہ آور کم از کم 16 گھروں کو آگ لگا دیتے۔ایک اور رہائشی نے بتایا اگر مقامی لوگ کوئی کارروائی نہ کرتے تو ہماری کروڑوں روپے مالیت کی املاک جل کر خاکستر ہو جاتی کیونکہ برزلہ ایک گنجان علاقہ ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق پورے مقبوضہ علاقے میںایسے عناصر کی وجہ سے پراسرار طور پر آتشزدگی کے واقعات رونما ہو رہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران آتشزدگی کے پراسرار واقعات میں متعدد مکانات اور دکانیں جل کر خاکستر ہوگئی ہیں۔اس سے قبل بھارتی فوجی مقبوضہ علاقے میں بھارت کے یوم آزادی سے قبل کشمیریوں کو خوفزدہ کرنے کیلئے ان کے گھروں پر پتھرئوا کرنے میں بھی ملوث پائے گئے تھے۔