میرواعظ کی طرف سے 13جولائی 1931کے شہدا ء کو شاندار خراج عقیدت
سرینگر:غیر قانونی طورپربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء میرواعظ عمر فاروق نے 13جولائی 1931کے شہداء کشمیر کو انکے یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے مرکزی جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ان شہدانے ایک عظیم نصب العین اور کشمیری عوام کے سلب شدہ حقوق کی بحالی کیلئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ۔انہوں نے کہا کہ ان شہداکی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں اور انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ شہید ملت میر واعظ محمد فاروق کے زمانے سے ہی اس دن کو منانے کے حوالے سے روایت رہی ہے اور ان کی قیادت میں مزارشہدا تک جلوس نکالا جاتا تھا اور اس موقع پر کشمیر عوام شہدا کو شاندار خراج عقیدت پیش کرنے کے علاوہ ان کے مشن کواسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے عزم کی تجدید کرتے تھے ۔تاہم میر واعظ عمر فاروق نے کہاکہ گزشتہ کچھ برسوں سے قابض انتظامیہ پابندیوں کی وجہ سے13جولائی 1931کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے کسی تقریب کے انعقاد نہیں کیاجاسکا ہے جو کہ انتہائی افسوسناک ہے۔انہوں نے کہاکہ جامع مسجد کے منبر و محراب گواہ ہیں کہ جب ان شہداکی جامع مسجد کے احاطے میں میرواعظ مولانا محمد یوسف شاہ کی امامت میں نماز جنازہ ادا کی گئی تو اس موقع پر لاکھوں کی تعداد میں کشمیری موجود تھے جنہوں نے انکی تدفین میں شرکت کی ۔میر واعظ نے کہا کہ آج ایک بار پھر ہم جامع مسجد میں ان شہدا اور ان کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے یہ عہد کرتے ہیں کہ انکی قربانیوں کو ہرگزرائیگاںنہیں جانے دیا جائیگا اور انکے مشن کو بھارتی تسلط سے کشمیریوں کی آزادی تک جاری رکھا جائیگا۔