پریس کلب سماہنی کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت
مظفرآباد16 جولائی( کے ایم ایس ) آزاد جموں و کشمیر کے علاقے سماہنی میں صحافیوں نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں قابض بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہوئے ان کو روکنے کے لئے ٹھوس اقدامات کرنے کی ضرورت پر زوردیا ہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سماہنی پریس کلب کے سیکرٹری بدرالسلام جعفری نے پریس کلب میں مہاجرین کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہمارے بہن بھائی جس طرح بھارتی مظالم برداشت کررہے ہیں اور آزادی کے لئے لازوال قربانیاں پیش کر رہے ہیں اس کی مثال نہیں ملتی ۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں اپنے مظلوم بھائیوں اور بہنوں پر فخر ہے ۔بدرالسلام نے کہاکہ کشمیر کی آزادی کے حوالے سے بیس کیمپ کے عوام اور مہاجرین جموں و کشمیر پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے اورہمیں یکجہتی کے ساتھ تحریک آزادی کشمیر کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کنٹرول لائن کے دونوں جانب بسنے والے کشمیری گزشتہ 74سال سے ایک دوسرے سے جدا ہیں اور ایک ہی علاقے میں رہنے کے باوجود ایک دوسرے سے مل نہیں سکتے۔ اس موقع پر وفد نے کہا کہ بیس کیمپ میں زیادہ بہتر انداز سے حق خودارادیت کیلئے آواز بلند کی سکتی ہے۔ وفد نے کہاکہ بیس کے صحافیوں پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے کی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ وفد نے کہاکہ پاکستان کی جانب سے کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلئے اب تک کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ وفد میں کشمیری حریت رہنما خالد شبیر ،ڈاکٹر فرقان الہی، ابو جہاد ،محمد ادریس، وقاص احمد شامل تھے۔ وفد نے پرتپاک استقبال کرنے پر پریس کلب کا شکریہ اداکیا ۔ اس موقع پر شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا بھی کی گئی۔