دہلی پولیس کا منور فاروقی کو مزاحیہ شو کی اجازت دینے سے انکار
نئی دہلی27اگست(کے ایم ایس)دہلی پولیس نے مزاح نگار منور فاروقی کو ایک مزاحیہ شو کی اجازت دینے سے انکار کردیا جو کل بھارت کے دارالحکومت میں ہونے والا تھا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اجازت نامہ وشو اہندو پریشد کی جانب سے دہلی کے پولیس کمشنر سنجے اروڑہ کے نام لکھے گئے خط کے بعد منسوخ کیاگیا۔ وشو اہندو پریشد نے اجازت نامہ و منسوخ نہ کرنے کی صورت میں بجرنگ دل کے ساتھ مل کر احتجاج کی دھمکی تھی۔ پولیس کی لائسنسنگ برانچ نے23اگست کو ڈاکٹر ایس پی ایم سوک سنٹر، کیدارناتھ ساہنی آڈیٹوریم میں پروگرام کی اجازت دی تھی۔ تاہم جوائنٹ کمشنر آف پولیس(لائسنسنگ برانچ)او پی مشرا نے کہا کہ حکام کو مقامی ضلعی پولیس سے رپورٹ موصول ہونے کے بعد اجازت نامہ منسوخ کر دیاگیا۔ایک سرکاری عہدیدار نے صحافیوں کو بتایاکہ مقامی پولیس نے انکوائری کرکے اپنی رپورٹ لائسنسنگ برانچ کو پیش کی جس میں بتایا گیاکہ اس شو سے علاقے میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی متاثر ہوگی اور اجازت نامہ منسوخ کر دینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ لائسنسنگ برانچ نے بعد میں منتظمین کو خط لکھ کر اجازت نامے کی منسوخی کے بارے میں مطلع کردیا۔