کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کی سید علی گیلانی کی برسی پر ریلی
اسلا م آباد 01 ستمبر (کے ایم ایس) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ نے تحریک آزادی کشمیر کے عظیم قائد سید علی شاہ گیلانی کوان کے پہلے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے نیشنل پریس کلب اسلام آباد سے بلیوایریا تک ایک عظیم الشان ریلی نکالی۔ ریلی میں حریت رہنماﺅں کے علاوہ پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کی مختلف سیاسی،مذہبی اور سماجی شخصیات اور جڑواں شہروں میں مقیم کشمیریوں نے شرکت کی۔
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر کی قیادت میں نکالی جانے والی ریلی کے شرکاءنے اپنے محبوب شہید قائد کی تصاویر، کتبے اور جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔ انہوںنے شہدائے کشمیر کے حق میں اور ناجائز بھارتی تسلط کے خلاف نعرے بلند کیے۔ حریت رہنماﺅں اور دیگر نے ریلی کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے بابائے حریت سید علی شاہ گیلانی کو ان کے پہلے یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ عظیم قائد جموں وکشمیر کی غیر قانونی بھارتی تسلط سے آزادی اور مملکت خداداد پاکستان میں اسکی شمولیت کے مطالبے کی پاداش میں ساری زندگی بھارتی ظلم و ستم سہتے رہے لیکن اپنے اس عظیم مقصد سے پیچھے نہیں ہٹے۔ انہوں نے سید علی گیلانی کے چھوڑے ہوئے مشن کو منزل کے حصول تک جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم قائد کی خدمات اور قربانیاں تحریک آزادی کشمیر کے لئے مشعل راہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کی سید علی گیلانی ایک انقلابی، نظریاتی اور دوراندیش لیڈر تھے جو آخری سانس تک اپنے موقف پر ایک چٹان کی طرح ڈٹے رہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت سمجھتا تھا کہ سید علی گیلانی کی شہادت سے کشمیریوں کی آواز دب جائے گی لیکن کشمیرکے ہر گھر میں آج سید علی گیلانی کی آواز موجود ہے اور ان کا مشن جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا ہرنوجوان اس وقت سیدعلی گیلانی بنا ہوا ہے اور ان کا یہ نعرہ ‘ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمار ا ہے’ مقبوضہ علاقے کے ہر گلی گوچے اور قصبے میں گونج رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی سمیت دیگر تمام شہدا ہماری جدوجہد کاایک قیمتی سرمایہ ہیں اور ان شہداءکی قربانیوں کی بدولت ہی آج مسئلہ کشمیر دنیا میں توجہ کا مرکز ہے۔