حریت رہنما محمد یاسین عطائی سرینگر کے ہسپتال میں داخل
سرینگر07اکتوبر(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںکل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما محمد یاسین عطائی کو طبیعت بگڑنے پرسرینگر کے ایک ہسپتال میں داخل کردیا گیا ہے۔
محمد یاسین عطائی کو بھارتی پولیس نے چند روزپہلے گرفتارکرکے رہاکردیا تھا۔پولیس سٹیشن میں ان کی طبیعت بگڑ گئی تھی۔ یاد رہے محمد یاسین عطائی کو چند ماہ قبل بھارتی ریاست اترپردیش کی جیل سے رہا کیاگیا تھا جہاں ناقص غذا اور طبی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث وہ گردوں اور معدے کے امراض میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ بھارتی پولیس انہیں بار بار تھانوں پر طلب کرکے ذہنی اذیت پہنچارہی ہے جس سے انہیں عارضہ قلب بھی لاحق ہوگیاہے۔جموں وکشمیر پیپلز لیگ کے رہنما شیخ محمد یعقوب نے محمد یاسین عطائی کی بگڑتی ہوئی صحت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارتی فوج اور پولیس حریت رہنمائوں کوسیاسی انتقام کا نشانہ بناکرانہیں جدوجہد آزادی سے دستبردارہونے پر مجبور نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام شہداء کے وارث ہیں اوروہ جدوجہد آزادی کو اس کے منطقی انجام تک جاری رکھیں گے۔