APHCآزاد کشمیر

سردار عتیق کااسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کا دورہ ، نومنتخب قیادت کو مبارکباد پیش

IMG_20230110_124544اسلام آباد 10جنوری(کے ایم ایس)
آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس آزاد کشمیر کے نومنتخب صدر سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ مسلم کانفرنس مسئلہ کشمیر پر کوئی سودے بازی نہیں کریگی اور کشمیری عوام کی خواہشات کے خلاف کسی بھی اقدام کی بھرپور مزاحمت کریگی۔
سردار عتیق احمد خان نے ان خیالات کا اظہاراسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے دفتر کے دورے کے موقع پرکیا اور حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کی نومنتخب قیادت بشمول کنوینر محمود احمد ساغر، جنرل سیکرٹری شیخ عبدالمتین اور سیکرٹری اطلاعات امتیاز وانی کو مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیریوںکی حق پر مبنی تحریک آزادی ایک نازک اور فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کی قیادت مسئلہ کشمیر کے حل میں گہری دلچسپی لے رہی ہے اور کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیرشاخ کی قیادت کو اپنی پارٹی کی جانب سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ۔انہوں نے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس جموں وکشمیر کے مظلوم عوام کے اجتماعی جذبات، جدوجہد، مصائب اور قربانیوں کی نمائندگی کرتی ہے اور اسے کشمیری عوام میں ایک اہم مقام حاصل ہے ۔ سردار عتیق نے امید ظاہر کی کہ نئے منتخب عہدیداران کشمیر کاز کیلئے انتھک اور خلوص سے کام کریں گے اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کو اجاگر کرنے کیلئے سیاسی اور سفارتی محاذوں پر ہر ممکن اقدام کریں گے۔اس موقع پر کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے مسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق احمد خان کو پارٹی صدر بننے پر مبارکباد دی اور حریت دفتر کا دورہ کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ مرحوم مجاہد اول سردار عبدالقیوم خان کا تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے نمایاں کردار ہے جنھوں نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو عالمی فورموں پر اجاگر کرنے کیلئے انتھک کوششیں کیں۔ انہوں نے کہاکہ سردار عتیق خان بھی تنازعہ کشمیرکے حوالے سے سفارتی اور سیاسی محاذ پر سرگرم رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی تحریک اس وقت ایک نازک دور سے گزر رہی ہے جب بھارت 5 اگست2019 کے یکطرفہ اقدامات کے بعد جی ٹونٹی ممالک کا اجلاس مقبوضہ کشمیر میں منعقد کرانے کی تیاریاں شروع کردی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ ایک متنازعہ علاقہ ہے اور مقبوضہ علاقے میں ایسا کوئی بھی اجلاس منعقد کرانااقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہوگی۔ اس موقع پر کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنمائوں محمد فاروق رحمانی، غلام محمد صفی، سید فیض نقشبندی، سید یوسف نسیم، محمد رفیق ڈار، شیخ عبدالمتین، حسن البنا، دائود یوسف زئی، الطاف حسین وانی، محمد حسین خطیب، شیخ عبدالماجد، میاں مظفر، مشتاق احمد بٹ، ثنااللہ ڈار، راجہ خادم حسین، ندیم احمد، گلشن احمد، عبدالمجید لون، منظور احمد ڈار، خالد شبیر، سلیم ہارون، امتیاز احمد بٹ، محمد شفیع ڈار، سید مشتاق، اور امتیاز وانی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button