پاکستان

پاکستان فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی گرے لسٹ سے نکل آیا ، وزیر اعظم کی قوم کو مبارک باد

پیرس 21 اکتوبر (کے ایم ایس)فنانشل ایکشن ٹاسک فورس نے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کا باضابطہ اعلان کر دیاہے۔
 اس بات کا اعلان فیٹف کے صدر ٹی راجہ کمار نے پیرس میں کیاہے۔پاکستان نے فیٹف میں دیے گئے تمام اہداف وقت سے پہلے مکمل کیے، تمام نکات پر عمل درآمد کر کے ذمہ دار ریاست کا ثبوت دیا۔ اس بڑی کامیابی کا سہرا آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے سرہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں کلیدی کردار ادا کیا اور اداروں کے ساتھ مل کر فیٹف کے نکات پر عمل یقینی بنایا۔ بھارت کی کوشش تھی کہ پاکستان بلیک لسٹ ہو لیکن پاک فوج نے سازش کو ناکام بنایا۔آرمی چیف کے حکم پر میجر جنرل کی سربراہی میں ایک اسپیشل سیل قائم کیا گیا تھا۔ سیل نے مختلف محکموں، وزارتوں اور ایجنسیز کے درمیان کوآرڈی نیشن میکنزم بنایا جس کے تحت ہر پوائنٹ پر ایک مکمل ایکشن پلان بنایا گیا۔سیل نے دن رات کام کر کے منی لانڈرنگ، ٹیرر فنانسنگ اور بھتہ خوری پر قابو پایا۔ دہشت گردوں کی مالی معاونت کے ضمن میں تمام پوائنٹس پر عمل ہو چکا ہے۔ منی لانڈرنگ کے سدباب کیلئے تمام7پوائنٹس پر عمل کیا گیا جو اہم پیشرفت تھی۔ پاکستان کو فیٹف کی جانب سے 2018میں 27نکاتی ایکشن پلان دیا گیا تھا۔ جون 2022میں پاکستان کے تمام 27ایکشن آئٹمز مکمل کیے گئے تھے۔ پاکستان کی جانب سے فیٹف کا آخری ایکشن پلان بھی جون 2022 میں مکمل کیا گیا۔پاکستان کوگزشتہ سال جون 2021میں فیٹف کی جانب سے ایک اور ایکشن پلان دیا گیا۔ پاکستان کے لیے فیٹف کے دونوں ایکشن پلانز 34 نکات پر مشتمل تھے۔ پاکستان نے 2021کا ایکشن پلان مقرر ٹائم لائنز جنوری 2023سے پہلے مکمل کیاہے۔ پاکستان نے فیٹف کے خدشات کو دور کرنے کے لیے جامع حکمت عملی اور روڈ میپ تیار کیا۔ فیٹف نے نامزد افراد کی فہرست میں پاکستان کی پیشرفت کو سراہاہے۔
ادھر وزیراعظم محمد شہبازشریف نے پاکستان کا نام فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی گرے لسٹ سے نکلنے پر اللہ تعالی کے حضور اظہار تشکر اور قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری عظیم قربانیوں کا اعتراف ہے، ہم نے ہمیشہ قومی اور ریاستی مفاد کو ترجیح دی، گرے لسٹ سے نجات کے پاکستان کی معیشت، سفارت اور سیاست پر مثبت اثرات ہوں گے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ پاکستان کو فیٹف کی گرے لسٹ سے نجات ملی ، پاکستان کا سربلند ہونے پر میری گردن اللہ تعالی کے حضور شکر سے جھکی ہوئی ہے ، عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ اور وقار کی بحالی قوم کو مبارک ہو ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں یہ ہماری عظیم قربانیوں کا اعتراف ہے، انسداد دہشت گردی کے لئے پاکستان کی کاوشوں کو دنیا نے تسلیم کیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ فیٹف میں شامل ممالک کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے پاکستان کے موقف کو تسلیم کیا ۔KMS-21/Y

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button