مقبوضہ جموں وکشمیر کے مسائل سے نمٹنے کے لیے علاقے کی ریاستی حیثیت کوبحال کیا جائے: منجیت سنگھ
جموں24اکتوبر(کے ایم ایس) اپنی پارٹی جموں کے صدر اور سابق وزیر منجیت سنگھ نے مودی کی زیرقیادت بھارتی حکومت کے تحت خا ص طورپر مقبوضہ علاقے کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے بعد مقبوضہ جموں و کشمیر کی ایک تاریک تصویر پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کے بڑھتے ہوئے مسائل علاقے کی ریاستی حیثیت کی بحالی کے بغیر حل نہیں ہوسکتے۔
جموں میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے منجیت سنگھ نے کہا کہ ریاستی حیثیت کی بحالی اہم ہے اور اس میں مزید تاخیر نہیں ہونی چاہیے کیونکہ اس نے بہت سے مسائل کو جنم دیا ہے۔ عوام کا مودی حکومت سے اعتماد اٹھ چکا ہے اور مقامی انتظامیہ عوام کی توقعات پر پورا اترنے میں ناکام رہی ہے۔منجیت سنگھ نے کہا کہ زیادہ تر عوامی مسائل پر توجہ نہیں دی گئی۔ سابق وزیر نے کہا کہ جو ترقیاتی منصوبے پچھلی حکومتوں نے شروع کیے تھے وہ ابھی تک مکمل نہیں ہوئے اور افسران کو کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ میونسپل حدود میں موجود کئی رہائشی کالونیوں کو بھی بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی جارہی جو حکام کے غیر سنجیدہ رویے کو ظاہر کرتا ہے۔انہوں نے کہاکہ اسمارٹ سٹی پراجیکٹ اب بھی ایک خواب ہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اکھڑی ہوئی سڑکیں شہر کی ابتر صورتحال کو ظاہر کرتی ہیں۔