مقبوضہ کشمیر:برفباری کی وجہ سے مغل روڈ گاڑیوں کی آمد رفت کیلئے بند
جموں 20اکتوبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جموں کے بالائی علاقوں میں تازہ شدیدبرف باری کے بعد مغل روڈ گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے بند ہو گئی ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مغل روڈ وادی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو جموں خطے کے جڑواں اضلاع راجودی اورپونچھ کے ساتھ ملاتی ہے۔ڈوڈہ ، کشتواڑ ، راجوری ، ریاسی ، پونچھ ، رام بن اور کٹھوعہ کے اضلاع کے متعد دعلاقوں میں گزشتہ شب سے برفباری جاری ہے ۔ ڈپٹی سپریٹنڈنٹ ٹریفک پولیس راجوری پونچھ رینج آفتاب بخاری نے میڈیا کو بتایاہے کہ شدید برفباری کی وجہ سے مغل روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کردیاگیاہے۔ 18اکتوبر کو بھی برفباری کی وجہ سے مغل روڈ کو گاڑیوںکی آمد ورفت کیلئے بند کردیاگیاتھا جس سے سو کے قریب مسافر سڑک پر پھنس گئے تھے ۔ محکمہ موسمیات نے میدانی علاقوں میں بارش اور بالائی علاقوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیاہے۔