عالمی برادری کشمیریوں کو ہندوتوا کے حملے سے بچائے
سرینگر31اکتوبر(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںکل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما بشیر احمد بٹ نے کہا ہے کہ مودی کی زیر قیادت فسطائی بھارتی حکومت طاقت کے وحشیانہ استعمال کے باوجود کشمیریوں کو دبانے میں ناکام رہی ہے اور شکست فاش ہندوتوا قوتوں کا مقدر ہے۔
بشیر احمد بٹ نے جو انصاف پارٹی کے سیکرٹری جنرل بھی ہیں ، سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ کشمیریوں نے اپنے حق خودارادیت کے حصول کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور وہ اپنے مقدس مقصد پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اگست 2019 سے مقبوضہ خطے میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کئی گنا بڑھ گئی ہے جس سے علاقے کی معیشت تباہ ہو گئی ہے اور کشمیریوں کی زندگیاں جہنم بن گئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ آر ایس ایس کی حمایت یافتہ بی جے پی حکومت جنگی جرائم کے ارتکاب کے علاوہ ثقافتی جارحیت کے ذریعے کشمیریوں پر اپنے ہندوتوا ایجنڈے کو نافذ کرنے کی سازش کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کی جان، عزت، شناخت، ثقافت اور سرزمین دا ئوپر ہے اور بھارتی عزائم کو ناکام بنانے کے لیے علاقے کی تمام برادریوں کو متحدہونے کی ضرورت ہے۔ حریت رہنما نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کو ہندوتوا کے حملے سے بچانے کے لیے آگے آئے۔
دریں اثناء انصاف پارٹی کے وائس چیئرمین اور کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں وکشمیرشاخ کے رہنما محمد سلطان بٹ نے بھی مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بڑھتی ہوئی ریاستی دہشت گردی پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے 27اکتوبر کو یوم سیاہ منانے پر کشمیریوں کا شکریہ ادا کیا۔