سبز اور سفید رنگ کا ہوائی جہاز کی شکل کا غبارہ ضلع سانبہ سے برآمد
جموں 02نومبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے ضلع سانبہ میں سبز اور سفید رنگ کا ایک ہوائی جہاز کی شکل کا غبارہ ملا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جموں خطے کے ضلع کے علاقے تنتھ کے ایک کھیت میں شام کو ہوائی جہاز کی شکل کا غبارہ ملا۔یہ غبارہ ایک مقامی رہائشی درشن کمار کو اپنے کھیتوں میں گرا ہو ملا جس پر پاکستان لکھا ہوا تھا۔ غبارہ سبز اور سفید رنگ کا تھا جس پر پاکستانی جھنڈے کا چاند اور ستارہ بھی بنا ہواتھا ۔ غبارے پر اردو زبان میں کچھ درج ہے ۔پولیس کے مطابق اس سلسلے میں تحقیقات کی جارہی ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ یہ غبارہ کہاں سے اور کیسے آیاہے۔
ایک اور واقعے میں ایک اورہوائی جہاز کی شکل کا غبارہ بھی مبینہ طور پر بھارتی ریاست راجستھان کے ضلع بیکانیر سے گزشتہ روز برآمد ہوا ہے جس پر "پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز” پرنٹ ہے ۔رواں سال مارچ میں بھی ضلع سانبہ کے علاقے سرنا میں پی آئی اے کے نشان والا ہوائی جہاز کی شکل کا ایک غبارہ برآمد ہوا تھا۔
ستم ظریفی یہ ہے کہ جب بھی ایسے غبارے ملتے ہیں تو بھارتی حکام اور میڈیا انہیں پاکستان کی طرف سے جاسوسی کے لیے بھیجنے کی سازشی تھیوری گھڑنا شروع کر دیتے ہیں ۔