بی جے پی بھارت میں جمہوریت کا قتل کر رہی ہے ، کانگریس
دہرا دون 05 اکتوبر (کے ایم ایس)
کانگرس کے جنرل سیکریٹری ہریش راوت نے کہاہے کہ اترپردیش اور نئی دلی میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومتیں جمہوریت کا قتل کر رہی ہیں اور حزب اختلاف کے لیڈروں کو لکھیم پور کھیری جانے سے روک رہی ہے جہاں ایک احتجاج کے دوران بی جے پی کے ایک وزیر کے بیٹے نے چار کسانوں سمیت آٹھ افراد کو اپنی گاڑی تلے کچل دیا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ہریش راوت نے پارٹی کارکنوں کے ہمراہ لکھیم پور کھیری میں کسانوں کے قتل کے خلاف دہرادون میں ایس ایس پی پولیس کے دفتر کے باہر احتجاجی دھرنا دیا۔ اس موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بھارتی وزیر کے بیٹے کی قیادت میں اتر پردیش میں کسانوںکو گاڑیوںکے ذریعے کچلا جارہا ہے ۔انہوںنے اس کارروائی کو جمہوریت کو کمزور کرنے کی ایک کوشش قراردیا۔ انہوںنے کہاکہ بی جے پی کی حکومت جمہوریت کا قتل کر رہی ہیں اور حزب اختلاف کے لیڈروں کو لکھیم پور کھیری جانے سے روک رہی ہے۔ ہریش راوت نے اتر پردیش کی حکومت اور بی جے پی کے وزیر اجے کمار مشرا کی برطرفی کا مطالبہ کیا۔
ادھر کانگریس پارٹی نے پارٹی رہنماء پرینکا گاندھی واڈرا کی لکھیم پور کھیری جاتے ہوئے حراست کوغیر قانونی قرار دیتے ہوئے پرینکاگاندھی کی فوری رہائی اورکسانوںکے قتل میں ملوث بی جے پی کے وزیر کی برطرفی اور ان کے بیٹے کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے ۔ کانگریس پارٹی کے سینئر لیڈر راجیو شکلا نے ایک بیان میں کسانوں کے قتل کی اعلی سطحی عدالتی تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا۔