میگھالیہ :مسلح ہجوم اور پولیس کے درمیان جھڑپوں میں 4افراد ہلاک
نئی دلی 22نومبر (کے ایم ایس)
شورش زدہ بھارتی ریاست میگھالیہ میں مسلح ہجوم اور پولیس کے درمیان جھڑپوں میں ایک فارسٹ گارڈ سمیت چار افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مغربی کاربی اینگلونگ کے پولیس سپرنٹنڈنٹ امداد علی نے میڈیا کو بتایا ہے کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب بھارتی پولیس نے گزشتہ روز علی الصبح میگھالیہ کی سرحد پر آسام کے محکمہ جنگلات کی ٹیم نے ایک ٹرک کو روکاجس پر لکڑی لدی ہوئی تھی۔جیسے ہی ٹرک نے بھاگنے کی کوشش کی تو فارسٹ گارڈز نے اس پر گولی چلا کرٹرک کا ٹائر پنکچر کر دیا۔ انہوں نے بتایاکہ ٹرک ڈرائیوراور اسکے دو ساتھیوں کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ دیگر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔انہوں نے مزید کہا کہ فارسٹ گارڈز نے متعلقہ پولیس اسٹیشن کو مزید کمک بھیجنے کیلئے کہا۔جیسے ہی پولیس وہاں پہنچی تو خنجر اور دیگر ہتھیاروں سے لیس میگھالیہ کے لوگوں کی بڑی تعداد موقع پر جمع تھی ، جنہوں نے فارسٹ گارڈز اور پولیس کو گھیررکھا تھااور وہ گرفتار کیے گئے افراد کی فوری رہائی کا مطالبہ کر رہے تھے۔ صورتحال کو قابو میں کرنے کیلئے پولیس نے ان پر گولیاں چلائیں۔انہوں نے بتایا کہ اس دوران ایک فارسٹ گارڈ اور خاصی برادری کے تین افراد مارے گئے۔
ادھر بھارتی پولیس نے منگلورو بم دھماکہ کیس میں بھارتی ریاستوں تامل ناڈو اور کرناٹک میں متعدد بے گناہ مسلمانوں کو گرفتار کر لیاہے۔ 19 نومبر کو بھارتی ریاست کرناٹک کے شہر منگلورو میں کنکنادی پولیس اسٹیشن کے باہر ایک آٹورکشہ میں دھماکہ ہواتھا۔