مقبوضہ جموں و کشمیر

کل جماعتی حریت کانفرنس کی طرف سے پاکستان کے نئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور آرمی چیف کی تقرری کا خیرمقدم

سرینگر 25نومبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کی پاکستان کے نئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کی چیف آف آرمی اسٹاف کے طور پرتقرری کا خیرمقدم کیا ہے ۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میںکشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میںان کی مسلسل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ خطے میں پائیدار امن و سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔
ادھروارثین شہدا جموں و کشمیر نے جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں ستونوں، بجلی کے کھمبوں اور دیواروں پرپاکستان کے جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے نئے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا اور چیف آف آرمی سٹاف لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کی تصاویر والے پوسٹر چسپاں کئے ہیں۔ پوسٹرز میں حریت قیادت اور کشمیری عوام نے پاکستان کی نئی فوجی قیادت کو خوش آمدید کہتے ہیں لکھا گیا ہے کہ کشمیریوںکی منصفانہ تحریک آزادی کی کامیابی کے لیے ایک مضبوط پاکستان ناگزیر ہے۔

دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس آزادجموں و کشمیرکے کنوینر محمود احمد ساغر، سیکرٹری جنرل شیخ عبدالمتین اور سیکرٹری اطلاعات امتیاز وانی نے اسلام آباد میں جاری ایک مشترکہ بیان میں لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کو پاکستان کے نئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کو چیف آف آرمی اسٹاف کے طورپر تقرری پر مبارک باد پیش کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جنرل عاصم منیر کیلئے بہادر پاک فوج کا سربراہ بننا ایک اعزاز ہے ، پاک فوج دنیا کی بہترین فوج ہے اورجنرل عاصم منیر بہترین پروفیشنل صلاحیتوں کے حامل ہیں ۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button