پاکستان

بھارت پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے، حنا ربانی کھر کی پریس کانفرنس

اسلام آباد14دسمبر (کے ایم ایس)وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے اور وہ دہشت گرد تنظیموں کی مدد کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے دہشت گردی میں ملوث ہونے کا ڈوزیئر عالمی برادری کو پیش کر دیا ہے۔
حنا ربانی کھر نے آج ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ جوہر ٹاﺅن لاہور واقعے میں بھارت کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید ثبوت ہیں اور اس واقعے کے ذمہ داروں کو بھارت نے پناہ دے رکھی ہے، ملزمان کے ریڈ وارنٹ جاری کر دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ بھارت کا محاسبہ کرے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ایسے خطے میں واقع ہے جہاں بہت سارے چیلنجز ہیں، پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے اور پاکستان نے اس جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ایجنٹ کلبھوشن یادیو پاکستان میں پکڑا گیا، اس نے پاکستان میں دہشت گردی کا اعتراف کیا، گذشتہ تین برس کے دوران بھارت کی خفیہ ایجنسی ”را“ کی مدد سے پاکستان کی سکیورٹی فورسز کے 211 افراد کو نشانہ بنایا گیا، پی سی ہوٹل گوادر سمیت دہشت گردی کے مختلف واقعات میں بھارت کے ملوث ہونے کے واضح ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کا نشانہ بنا جبکہ بھارت دہشت گردی سے متاثر ہونے کا پروپیگنڈا کرکے خود کو مظلوم ظاہر کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس بھارتی ہٹ دھرمی کا کھلا ثبوت ہے، بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں سب کے سامنے ہیں، بھارت اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے قتل اور ریپ کو ریاستی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے بالاکوٹ پر حملہ کیا تاہم اسے منہ کی کھانا پڑی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ثبوتوں کے ساتھ بھارتی دہشت گردی کی معلومات عالمی برادری کو فراہم کی ہیں، ان ثبوتوں سے بھارت کا چہرہ بے نقاب ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری دورہ امریکہ کے دوران اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور جی۔77 پلس چین گروپ کے اجلاس میں بھارتی دہشت گردی کا معاملہ اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحانہ اقدامات سے پاکستان سمیت ہمسایہ ممالک کو سنگین خطرات ہیں، عالمی برادری کو اس کا ادراک کرنا چاہئے، بھارت کے اقدامات پر دنیا کی خاموشی نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کیلئے خطرناک ہے، یہ سنگین معاملہ ہے کیونکہ بھارت مذہبی انتہاءپسندوں کے قبضہ میں ہے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button