غزہ اور کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر اقوام عالم کی خاموشی افسوسناک ہے ، مشعال ملک
فیصل آباد: انسانی حقوق اور خواتین کو بااختیاربنانے کے بارے میں وزیر اعظم کی مشیر مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ طاقت کے زور پرغزہ اورمقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیاں کی جارہی ہے لیکن اقوام عالم نے اس پر خاموشی اختیار کررکھی ہے ،جوکہ افسوسناک ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مشعال ملک نے گورنمنٹ کالج وومن یونیورسٹی فیصل آبادکے زیراہتمام منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ طاقت کے زور پرغزہ اورمقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیاں کی جارہی ہے لیکن عالم اقوام نے اس پر خاموشی اختیار کررکھی ہے ۔انہوں نے کہاکہ غزہ اور مقبوضہ کشمیر میں جو کچھ ہورہا ہے اس پر خاموش رہنے کی بجائے ہم سب کو ایک آواز ہوکر انسانی حقوق کی پامالیوں اور ظلم وجبر کوروکنے کیلئے عملی قدم اٹھاناچاہیے کیونکہ آزادی ایک بڑی نعمت ہے۔انہوں نے کہا کہ اقوام عالم کو غزہ اور کشمیریوں کی آواز سننی چاہیے اور دونوں دیرینہ تنازعا ت کو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کیاجانا ضروری ہے۔مشعل ملک نے کہا کہ غزہ اور کشمیر سمیت جہاں بھی انسانی حقوق پامال ہورہے ہیں ایک مہذب سوسائٹی کے طور پر ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم یک آواز ہو کر اسکے خلاف آواز اٹھائیں تاکہ ظالم اور ظلم کا راستہ روکا جاسکے۔اس موقع پر وائس چانسلر گورنمنٹ کالج وومن یونیورسٹی فیصل آبادپروفیسر ڈاکٹر ظل ہما نازلی اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔