سرینگر کے مشہور کیمسٹ مکھن لال بھندرو کے قتل کی شدید مذمت
سرینگر06اکتوبر (کے ایم ایس )
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میںکل جماعتی حریت کانفرنس ، میر واعظ عمر فارو ق کی سربراہی میں قائم حریت فورم اوردیگر حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے سرینگر شہر کے معروف کیمسٹ مکھن لال بھندرو کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کی ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انہوں نے کہاکہ کیمسٹ مکھن لال کے قتل میں بھارتی خفیہ ایجنسیوں کا ہاتھ ہے تاکہ مقبوضہ علاقے میں مسلمانوں اور اقلیتی برادریوں کے درمیان خلا پیدا کیا جاسکے۔ کشمیری پنڈت برادری سے تعلق رکھنے والے ایم ایل بھندرو کو گزشتہ روز سرینگر کے ہائی سیکورٹی اقبال پارک میں نامعلوم مسلح افراد نے ان کی فارمیسی میں اندھا دھند فائرنگ کر کے قتل کردیاتھا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت نے بھارت کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے غیر کشمیری ہندوئوں کو لاکھوں ڈومیسائل سرٹیفکیٹ جاری کر کے جموں خطے کی بے توقیر کرنے کا اپنا مذموم ہدف حاصل کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت اب وادی کشمیر کے اکثریتی اور اقلیتی مذہبی گروپوں کے درمیان ایک خلا پیدا کرنے پر تلی ہوئی ہے اور پھر اپنی فوجی طاقت کے بل پر مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے اپنے مذموم منصوبے پر عمل کرے گی اوربھندرو کا قتل اس سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔ ترجمان نے بھارتی قابض افواج کی چھٹی سنگھ پورہ سے شوپیاں اور لاوے پورہ تک کی جانے والی ایسی گھنائونی اورمجرمانہ کارروائیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مستقبل قریب میں مکھن لال بھندرو کے قتل کوبہانہ بنا کر مقبوضہ کشمیر میں مزید خونریزی کی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی نگرانی میں کسی عالمی ادارے سے کیمسٹ کے بے رحمانہ قتل کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ میر واعظ عمر فاروق کی سرپرستی میں قائم حریت نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں گزشتہ روز مقبوضہ علاقے میں مکھن لال بھندرو اور دو دیگر شہریوں کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بھندرو گزشتہ کئی دہائیوں سے وادی کشمیر کے لوگوں کی خدمت کرر ہے تھے ۔بیان میں سوگوار خاندانوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیاگیا۔حریت فورم نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حل کے ذریعے مقبوضہ علاقے میں روزانہ کی بنیاد پر جاری قتل عام اور ظلم و تشدد کا سلسلہ بند کرانے فوری مداخلت کرے ۔
ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اورآغا سید حسن الموسوی الصفوی اور جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن الموسوی الصفوی اور انٹرنیشنل فورم فارہیومن رائٹس کے چیئرمین محمد احسن انتو نے اپنے بیانات میں مکھن لال بھندرو کے قتل کی شدید مذمت کی اور سوگوار خاندان سے اظہارتعزیت کیا۔انہوںنے کہاکہ کشمیریوں کے قتل عام کے واقعات میں اضافے کے پیش نظر تنازعہ کشمیر کے فوری طورپرحل کیاجانا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ خطے کی تیزی سے بدلتی ہوئی جغرافیائی سیاسی صورتحال بھی دیرینہ تنازعہ کشمیر کے فوی حل کی متقاضی ہے ۔جموں وکشمیرماس موومنٹ اور کشمیر کونسل فار جسٹس کے چیئرمین غلام نبی شاہین نے بھی مکھن لال بھندرو کے قتل کی شدید مذمت کی ہے .