اسلام آباد : محمد فاروق رحمانی کی تصنیف ”کشمیر کے خونچکاں ماہ وسال” کی تقریب رونمائی
اسلام آباد05 جنوری (کے ایم ایس)
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے سینئر رہنماء محمد فاروق رحمانی کی کتاب ”کشمیر کے خونچکاں ماہ وسال” کی تقریب رونمائی اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔اس موقع پرلیگل فورم فار کشمیر کی مرتب کردہ انسانی حقوق رپورٹ برائے سال 2022بھی جاری کی گئی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے زیر اہتمام یوم حق خودارادیت اور رائے شماری کی 74سالہ قرار دادوں کی منظوری کے موقعے پرمنعقد ہونے والی تقریب رونمائی کے مہمان خصوصی آزاد جموں وکشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چودھری تھے جبکہ صدارت حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر محمود سا غرنے کی۔ مقررین نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے جدوجہد میں مصروف عمل کشمیریوں کو یقین دلایا کہ بھارت کے غیر قانونی قبضے سے جموں و کشمیر کی آزادی اور بھارتی فوجیوں کی بدترین ریاستی دہشت گردی سے انہیں نجات دلانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے۔مقررین نے خبردار کیا کہ اقوام متحدہ کا قانونی اور سیاسی فرض ہے کہ وہ اپنی متفقہ قرارداد وں کی روشنی میں مقبوضہ علاقے میں بھارت کے غیر کشمیریوں کی آبادی کاری کے سامراجی قوانین کو منسوخ کرائے اور کشمیریوں کو انکا حق خودارادیت دے کر تنازعہ کشمیر کو حل کرے ۔مقررین نے محمد فاروق رحمانی کی کتاب کو حقائق پر مبنی اور چشم کشا قرار دیا۔ مقررین میں بیرسٹر سلطان محمود چودھری اور سینیٹر مشاہد حسین سید کے علاوہ سردار عتیق احمد خان ، عبد الرشید ترابی،کشمیر میڈیاسروس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر غلام مرتضیٰ قریشی،شیخ عبدالمتین، فرزانہ یعقوب،ارشاد محمود، مجیب قاضی اور الطاف حسین وانی شامل تھیں جبکہ تقریب کے موڈریٹر کے فرائض حسن ا لبنا نے انجام دئے ۔اس موقع پر لیگل فورم فار کشمیر کی طرف سے ایڈوکیٹ ناصر قادری نے فورم کی طرف سے مقبوضہ کشمیرمیں جنگی جرائم پر مبنی رپورٹ پیش کی ۔ پروفیسر نذیر احمد شال نے لندن سے ایک پیغام میں کتاب کی تعریف کی ۔محمد فاروق رحمانی نے تقریب میں شرکت پر تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے تجدید عہد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کا موقف برحق ہے اور بھارت کو کشمیرمیںایک غاصب کی حیثیت حاصل ہے ۔