حریت رہنمائوں کی مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت
اسلام آباد 21ستمبر(کے ایم ایس) کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے رہنمائوں چوہدری شاہین اقبال، الطاف احمد وانی، قاضی عمران، سید گلشن، عبدالمجید میر، اشفاق بروال، ندیم وانی، نذیر کرنائی اور نذیر احمد میر نے مقبوضہ جموں کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت کی ہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق حریت رہنمائوں نے اسلام آباد سے جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر کے سکولوں میں مسلمان بچوں کو زبردستی ہندبھجن پڑھا کر اپنی ہندتوا پالیسی مسلط کرنا چاہتا ہے اور ریاست جموں وکشمیر کو مکمل طوپر ایک ہندو ریاست بنانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم اقوام متحدہ سمیت انصاف کے عالمی اداروں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دلانے میں اپناکردار ادا کرے تاکہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ خودکرسکیں۔حریت رہنمائوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ترک صدر رجب طیب اردوان کی جانب سے مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے پر ان کو خراج تحسین پیش کیا ۔