APHCآزاد کشمیربھارت

کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر کے رہائشی کے حراستی قتل کی مذمت

بھارتی پولیس نے کشتواڑ میں عالم دین کو گرفتار کر لیا

0سرینگر04 ستمبر (کے ایم ایس) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی فوج کے ہاتھوں آزاد جموں و کشمیر کے ذہنی طور پر معذور رہائشی تبارک حسین کے حراستی قتل کی مذمت کی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے تبارک حسین کو گزشتہ ماہ ضلع راجوری کے علاقے نوشہرہ میں نادانستہ طور پر کنٹرول لائن عبور کرنے کے بعد گولی مار کرزخمی حالت میں گرفتار کر لیا تھا۔ بھارتی فوجیوں نے انہیں گزشتہ روز دوران حراست شہید کیا ۔ بھارتی حکام نے پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کرنے کی اپنی مذموم کوشش کے طور پردعویٰ کیا تھا کہ تبارک حسین کو مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارتی فوجی چوکی پر حملہ کرنے کے لیے رشوت دی گئی تھی۔ تاہم تبارک حسین کی کچھ ویڈیوز سوشل میڈیا پر سامنے آئی تھیں جن میں وہ ذہنی طور پر معذور شخص دکھائی دے رہا تھا۔ ان میں سے کچھ ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جب وہ آزاد کشمیر میں اپنے گھر پر تھا تو اسے رسیوں اور زنجیروں سے باندھ کر رکھا گیا تھا تاکہ وہ خود کو یا دوسرے لوگوں کو نقصان نہ پہنچا سکے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ علاقے میں بے گناہ کشمیریوں کاجعلی مقابلوں میں اور دوران حراست قتل ایک معمول بن چکا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تبارک حسین ذہنی طور پر معذور تھا جس کا بھارتی حکام کو بھی علم تھا کیونکہ وہ چھ برس قبل بھی غلطی سے کنٹرول لائن عبور کر گیا تھا اور بھارتی حکام نے اسے کئی ماہ تک قید میں رکھنے کے بعد واہگہ سرحد کے راستے واپس بھیج دیا تھا۔ بیان میں عالمی برادری خاص طور پر اقوام متحدہ پر زور دیا گیا کہ وہ بھارتی فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری جنگی جرائم پر بھارت سے باز پرس کرے۔

دریں اثناء بھارتی پولیس نے جموں خطے کے ضلع کشتواڑ میں داد پیٹھ کے مقام پر مدرسہ مدینة العلوم سے وابستہ ایک عالم دین کو گرفتار کر لیا۔ عالم دین کی شناخت عبدالواحد کے نام سے ہوئی ہے جو تحصیل ڈول کے علاقے چیرجی کے رہائشی ہیں اور مدرسے سے ملحقہ مکان میں اپنی اہلیہ اور ایک بیٹے کے ساتھ مقیم تھے۔ انہیں واٹس ایپ اور فیس بک اکائونٹس میں مذہبی مواد اپ لوڈ کرنے کے مضحکہ خیز الزام پر گرفتار کیا گیا ہے۔

ضلع کپواڑہ کے علاقے کرناہ میں بھارتی پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے ایک اہلکار کی پراسرار حالت میں موت ہو گئی ۔

نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے سرینگر کے صورہ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسزمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما مولانا عباس انصاری کی عیادت کی۔

 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button