آزاد جموں و کشمیر : مقبول بٹ، افضل گورو کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ریلیاں نکالی گئیں
مظفرآباد09 فروری (کے ایم ایس) ممتاز کشمیری رہنماﺅں محمد مقبول بٹ اور محمد افضل گورو کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے آج آزاد جموں وکشمیر میں ریلیاں نکالی گئیں۔
پاسبان حریت جموں وکشمیر کے زیراہتمام مظفرآباد میں” افضل گورو چوک“ سے شاہراہ سرینگر تک ریلی نکالی گئی۔ ریلی کے شرکاءنے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر دونوں شہداءکی تصاویر اور ان کے اعزاز میں تعریفی کلمات درج تھے۔ انہوں نے حریت رہنماﺅں سید علی گیلانی، محمد اشرف صحرائی، میر واعظ مولوی محمد فاروق، خواجہ عبدالغنی لون، برہان وانی، مقبول بٹ اور افضل گورو سمیت دیگر شہدائے کشمیر کے حق میں نعرے لگائے۔
پاسبان حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی، حریت رہنما مشتاق الاسلام، عثمان علی ہاشم، محمد اسحاق شاہین، محمد فیاض، فیصل فاروق، الف دین ڈار، خواجہ محمد پرویز اور سید محمود شاہ اور دیگر مقررین نے کہا کہ کشمیریوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے۔ شہداءکشمیریوں کے حقیقی ہیرو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے دو عظیم بیٹوں نے بھارتی استعماری قبضے سے آزادی کے لیے پھانسی کے تختے پر چڑھنا قبول کیا لیکن بدترین بھارتی سامراج کے سامنے سر نہیں جھکایا۔
مقررین نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے شہداءکے خون کو کبھی رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کو مکمل کامیابی تک جاری رکھیں گے۔
ڈیموکریٹک حریت فرنٹ کے طلبہ ونگ کی جانب سے وادی جہلم میں محمد مقبول بٹ، محمد افضل گورو اور دیگر کشمیری شہداءکو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک اور ریلی نکالی گئی۔ شرکاءنے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پربھارت کے خلاف اور تحریک آزادی کشمیر کے حق میں نعرے درج تھے۔
دریں اثنا متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین نے بھی مظفرآباد میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمد افضل گورو کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے بھارت کی طرف سے افضل گرو کی پھانسی کو عدالتی قتل قرار دیا۔
تحریک شباب المسلمین جموں وکشمیر کے زیرِ اہتمام بھی شہید افضل گورو اور شہید مقبول بٹ کی شہادت کی برسیوں کے موقع پر عظیم الشان شہداءکشمیر کانفرنس اور ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ بلدیہ ہال اپر اڈہ میں منعقدہ کانفرنس میں مظفرآباد کی تمام سیاسی ٬مذہبی و سماجی تنظیموں کے رہنماﺅں کے علاوہ مختلف مکتبہ فکر کے لوگوں نے بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مہمان خصوصی سینئر وزیر خواجہ فاروق احمد تھے ۔ مقررین نے کہا کہ کشمیر ی بھارتی تسلط سے آزادی تک اپنی جد وجہد جاری رکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب شہداءکی قربانیاں رنگ لائیں گی اور مقبوضہ کشمیر بھارت کے غاصبانہ تسلط سے آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا ۔ کانفرنس کے اختتام پر ایک عظیم الشان ریلی نکالی گئی جس میں بھارت مخالف اور آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔