فاروق رحمانی کا شہیدکمانڈرعبدالخالق گنائی اوردیگر کوان کی برسیوں پر خراج عقیدت
اسلام آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں وکشمیر شاخ کے سینئر رہنما اورجموں و کشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے چیئرمین محمد فاروق رحمانی نے شہید مجاہد کمانڈر عبدالخالق گنائی عرف جمال افغانی کو ان کے30ویں یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ ایک عظیم محب وطن اور آزادی پسند رہنما تھے جنہیں بھارتی فوجیوں نے 16دسمبر 1993کودوران حراست شہید کیاتھا۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق محمد فاروق رحمانی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہاکہ شہید کمانڈر1970سے 1993تک ایک سرگرم مجاہدآزادی تھے جب انہیںجہاد فورس کے چیف کمانڈر کے طور پر16دسمبر 1993کو شہید کیاگیا۔ ان کی شہادت پرمقبوضہ جموں وکشمیر میں 3دن تک معمولات زندگی مفلوج ہوکر رہ گئے تھے۔ ہزاروں لوگوں نے ان کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ شہید عبدالخالق گنائی کو کلوسہ بانڈی پور میںسپرد خاک کیا گیا۔ فاروق رحمانی نے کہاکہ شہید کمانڈر کی جدوجہد کا واحد مقصد اقوام متحدہ کے چارٹراور متعلقہ قراردادوں کے مطابق ریاست جموں و کشمیر کے لئے حق خودارادیت کا حصول تھا۔ حریت رہنما نے وٹپور ہ بانڈی پور ہ کے فاروق احمد شیخ کو بھی ان کے 30ویں یوم شہادت پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا جنہیں قابض بھارتی فورسز نے دسمبر1994میں شہید کیا تھا۔ انہوں نے اتھوٹو بانڈی پور ہ کے شہیدا محمد احسن میر اور دیگر 8شہدا ء کو بھی شاندار خراج عقیدت پیش کیا جو حق خودارادیت کے حصول کے لئے جاری جدوجہد میں 1993میں جام شہادت نوش کرچکے ہیں۔محمد فاروق رحمانی نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں شکست بھارت کا مقدر ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ پر زوردیاکہ وہ خطے کو بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم سے پیدا ہونے والی جنگی صورتحال اورانتشارسے بچانے کے لئے جموں و کشمیرکے بارے میں اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرائے ۔