خراج عقیدت

مقبوضہ جموں وکشمیرمیں مقبول بٹ کے یوم شہادت پرآج مکمل ہڑتال کی گئی

شہدا ء کے مشن کو جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ
سرینگر11فروری(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں آج ممتاز کشمیری رہنما محمد مقبول بٹ کی 39ویں برسی کے موقع پر مکمل ہڑتال کی گئی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس اور جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ نے دی تھی۔بھارت نے محمد مقبول بٹ کو کشمیریوں کی جاری تحریک آزادی میں اہم کردار ادا کرنے پر 1984میں آج ہی کے دن نئی دہلی کی تہاڑ جیل میںپھانسی دی تھی اور ان کی میت کو جیل کے احاطے میں ہی سپرد خاک کر دیا گیا تھا۔
بھارتی فوج اور پولیس نے دکانداروں کو اپنی دکانیں کھلی رکھنے کے لئے کہا اور انہیں خبردار کیا تھا کہ اگر انہوں نے حکم کی تعمیل نہ کی تو ان کے دکانوں کو سیل کر دیا جائے گا۔ تاہم دھمکیوں کے باوجود وادی کے بیشتر علاقوں میں دکانداروں نے اپنے شہید قائد کی یاد میں ہڑتال کی۔ سڑکوں پر ٹریفک کی آمدورفت بہت کم تھی۔ قابض حکام نے لوگوں کو بھارت مخالف مظاہروں سے روکنے کے لیے پوری وادی کشمیر میں بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کوبھاری تعداد میں تعینات کیاتھا۔
دریں اثنا ء غیر قانونی طور پر نظر بندکل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ اور دیگر حریت رہنمائوں نے محمد مقبول بٹ کوشاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہدا ء کے مشن کو ہر قیمت پر مکمل کرنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔ مسرت عالم بٹ نے تہاڑ جیل سے بھیجے گئے پیغام میں کہا کہ کشمیری عوام کا فرض ہے کہ وہ محمد مقبول بٹ اور دیگر شہدا ء کی قربانیوں کی حفاظت کرتے ہوئے ان کے مشن کو منطقی انجام تک پہنچائیں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے نظربند سینئر رہنما شبیر احمد شاہ نے تہاڑ جیل سے اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیری محمد مقبول بٹ سمیت اپنے شہدا ء کے لہو کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور جب تک وہ بھارتی تسلط سے آزادی حاصل نہیں کر لیتے، اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ فریدہ بہن جی، خادم حسین اور سید سبط شبیر قمی سمیت کل جماعتی حریت کانفرنس کے دیگر رہنمائوںنے سرینگر میں اپنے بیانات میں کہا کہ تحریک آزادی کشمیر میں مقبول بٹ کی خدمات اور قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر اور دیگر رہنمائوں بشمول محمد فاروق رحمانی، شیخ عبدالمتین اور امتیاز وانی نے اسلام آباد میں اپنے بیانات میں محمد مقبول بٹ کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔
ادھرقابض حکام کی طرف سے انسداد تجاوزات مہم کے نام پر جاری بے دخلی مہم کے خلاف جس کا مقصد دراصل مسلمانوں کی زمینوں اور جائیدادوں پر قبضہ کرنا اورانہیں بے گھر کرنا ہے، لوگوں نے سرینگر، بانڈی پورہ اور جموں کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کیے ۔مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر” بلڈوزنگ بند کرو” اور” غریبوں کے مکانات گرانا بند کرو”جیسے نعرے درج تھے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button