مقبوضہ کشمیر: سرکاری ملازمین کا اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ
جموں 14اکتوبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں مختلف محکموں کے سرکاری ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں جموں میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جموں وکشمیر گورنمنٹ ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام سرکاری ملازمین اور عارضی ملازمین کی بڑی تعداد نے بابو حسین ملک کی قیادت میں جموں پریس کلب کے باہرجمع ہو کراپنے مطالبات کے حق میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر تاجر یونین کے سینئر لیڈر ز بھی موجود تھے ۔ مظاہرین اساتذہ ،لیکچرار اور دیگر سمیت تمام ڈیلی ویجر اور کنٹریکٹ ملازمین کی ریگولرائزیشن کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ انہوں نے بھارتی قابض انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔
ادھر سول سوسائٹی کشتواڑکے ارکان اور مقامی لوگوںکی بڑی تعداد نے ڈسٹرکٹ ہسپتال کشتواڑ میں سی ٹی سکین کی سہولت کی عدم دستیابی پر ضلعی اور ہسپتال انتظامیہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔سماجی کارکن نصیر احمد نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب کشتواڑ میں کورونا وبا کے کیسز تیزی سے بڑھ رہا ہے اور بار بار زلزلوں کی وجہ سے لوگوںکو شدید مشکلات کا سامنا ہے ڈسٹرکٹ ہسپتال کشتواڑ میں ایک بھی سی ٹی سکین مشین کام نہیں کر رہی۔ انہوں نے کہاکہ ضلع میں بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کی وجہ سے لوگوں کی زندگیاں اجیرن بن کر رہ گئی ہے ۔