مقبوضہ جموں و کشمیر

 بھارتی ریاستی دہشت گردی پر عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک ہے، کل جماعتی حریت کانفرنس

جامع مسجد سرینگر میں ایک بار پھر نماز جمعہ کی ادائیگی کی اجازت نہیں دی گئی

APHC

سرینگر15اکتوبر (کے ایم ایس )بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے مقبوضہ علاقے میں بدترین بھارتی ریاستی دہشت گردی پر عالمی برادی کی مجرمانہ خاموشی پر افسوس ظاہر کیا ہے ۔
کشمیر میڈیاسرو س کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار جاری تحریک آزادی کو دبانے کیلئے پورے مقبوضہ علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی نام نہاد کارروائیوں کے دوران بیگناہ کشمیریوں کو قتل، گرفتار اور تشدد کا نشانہ بنارہے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ گزشتہ چند روز کے دوران متعدد نوجوانوں کو قتل جبکہ ایک ہزار سے زائدافراد کو حراست میں لیا گیا لیکن عالمی برادری خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے۔ ترجمان نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں مظالم پر بھارت کا محاسبہ کرے اور تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرانے کیلئے کردار ادا کرے۔
دریں اثناءقابض انتظامیہ نے آج لوگوں کو ایک مرتبہ پھرجامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ ادا کرنے کی اجاز ت نہیں دی ۔ انتظامیہ نے لوگوں کو مذہبی فریضے کی ادائیگی سے روکنے کیلئے تاریخی مسجد کے اطراف میںبڑی تعداد میں بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی تعیناتی برقرار رکھی۔
مقبوضہ جموں وکشمیر کے مختلف علاقوں میں پوسٹر چسپاں کئے گئے جن میں بہادر کشمیری عوام پر زوردیا گیا ہے کہ وہ اپنے مادر وطن پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔ جموں وکشمیر سٹوڈنٹس اینڈ یوتھ فورم کی طرف سے چسپاں کئے گئے پوسٹروں میں کہاگیا ہے کہ یہ وقت ہے کہ مظلوم کشمیری بھارت کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں اوربین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ اپنے پیدائشی حق ، حق خودارادیت کامطالبہ کریں۔
بھارتی فوجیوں نے پونچھ اور راجوری اضلاع میں محاصرے اورتلاشی کی کارروائیاں جاری رکھیں جبکہ پونچھ راجوری جموں ہائی وے گزشتہ شام سے مسلسل بند رہی۔
کشمیرمیڈیا سروس کی طرف سے آج جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہاگیاہے کہ بھارت پاکستان اور تحریک آزادی کشمیر کو بدنام کرنے کے لئے مقبوضہ جموں وکشمیر میں ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی کے ایک اور حملے کی منصوبہ بندی کررہا ہے۔ رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ بھارت نے ماضی میں دہشت گردی کی کئی جعلی کارروائیاں کیں اوربغیر کسی ٹھوس ثبوت کے الزام پاکستان پر لگادیا اور مودی کی فسطائی بھارتی حکومت پاکستان کو ایک اورایسی ہی کارروائی میں ملوث کرکے فائنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی بلیک لسٹ میں ڈلوانا چاہتی ہے۔
ادھر بھارت116ملکوں میں غذائی قلت کی 2021ءکی عالمی درجہ بندی میں101ویں نمبر پر چلاگیا ہے جو 2020ءمیں 94ویں نمبر پر تھا۔آئر لینڈ کے امدادی ادارے” Concern Worldwide“ اورجرمن تنظیم”Welthungerhilfe“ کی طرف سے تیار کردہ رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ بھارت میں غذائی قلت خطرناک حد تک پہنچ چکی ہے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button