بھارت

تحقیقاتی ادارے سیاسی انتقام اور ہراساں کرنے کے لئے بی جے پی حکومت کے ہتھیار بن چکے ہیں


نئی دہلی یکم مارچ(کے ایم ایس) بھارت میں کانگریس پارٹی نے سی بی آئی کے ذریعے دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسوڈیا کی گرفتاری پر بی جے پی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ ، سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن( سی بی آئی) اور محکمہ انکم ٹیکس سیاسی انتقام اور ہراساں کرنے کے لئے بھارتیہ جنتا پارٹی کی زیر قیادت مرکزی حکومت کے ہتھیار بن چکے ہیں۔
کانگریس کے جنرل سیکریٹری جے رام رمیش نے کہاکہ کانگریس پارٹی کا ہمیشہ سے یہ موقف رہا ہے کہ ای ڈی، سی بی آئی اور محکمہ انکم ٹیکس جیسے ادارے مودی حکومت کے لئے سیاسی انتقام اور ہراساں کرنے والے ہتھیار بن چکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ یہ ادارے تمام پیشہ ورانہ مہارت کھو چکے ہیں۔انہوں نے دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ کی گرفتاری کا ذکر کئے بغیر کہاکہ حزب اختلاف کے رہنمائوں کی ساکھ کو تباہ کرنے کے لیے انہیں چن چن کر نشانہ بنایا جاتا ہے۔کانگریس کا رد عمل سی بی آئی کے ذریعے منیش سسوڈیا کی گرفتار ی کے کئی دن بعد سامنے آیا۔کیرالہ کے وزیر اعلیٰ پنارائی وجین سمیت کئی اپوزیشن رہنمائوں نے بھی سسوڈیا کی گرفتاری کی مذمت کی ہے۔کیرالہ کے وزیر اعلیٰ نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ سی بی آئی کے ذریعے منیش سسوڈیا کی گرفتاری اس بات کی ایک اور مثال ہے کہ کس طرح بی جے پی اپوزیشن کو دھمکانے کے لیے مرکزی حکومت کی ایجنسیوں کا غلط استعمال کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ طاقت کا صریحاً غلط استعمال اور جمہوریت پر حملہ ہے۔ اس طرح کا جبر ہمارے ملک کی بنیادوں کو کمزور کرتا ہے اور اس کی مزاحمت کی جانی چاہیے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button