اگر گوڈی میڈیا کے خلاف جنگ نہ کی گئی تو مستقبل کے صحافی ”دلالی“ کریں گے، رویش کمار
نئی دہلی 01 دسمبر (کے ایم ایس)معروف بھارتی صحافی رویش کمارنے خبردار کیا ہے کہ اگر لوگ ”گودی میڈیا“ کی غلامی کے خلاف نہیں لڑیں گے تو مستقبل کے صحافیوں کو”دلالی“ کرنا پڑے گی۔ بی جے پی کی ہندو توا پالیسوں کے سخت ناقد رویش کمار معروف بھارتی بزنس ٹائیکون گوتم اڈانی کی طرف سے این ڈی ٹی وی کے مالکانہ حقوق حاصل کرنے کے بعد چینل سے مستعفی ہو گئے ہیں۔
”دلال “اکثر ایسے لوگوں کے لیے ایک توہین آمیز لفظ کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے جو اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی آڑ میں مفاد پرست طاقتوں کے آلہ کار بنتے ہیں۔رویش کمار نے بھارتی عوام سے اپیل کی کہ ایسے وقت میں جب ملک میں جمہوریت کو شدید خطرہ ہے وہ اقتدار والوں سے سوال پوچھنے والے صحافیوں کی حمایت کریں۔انہوں نے کہا کہ میں اب اپنے کام کو یوٹیو ب چینل اور فیس بک پیج کے ذریعے جاری رکھوںگا اور توقع کرتا ہوں کہ لوگ میرے کام کی حمایت جاری رکھیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر کسی کو گودی میڈیا کی غلامی کے خلاف لڑنا ہے۔رویش کمار 1996 میں نئی دہلی ٹیلی ویڑن نیٹ ورک (این ڈی ٹی وی) کیساتھ منسلک ہو ئے تھے ۔وہ گودی میڈیا کا لفظ ایسے میڈیا چینلوں کے استعمال کرتے ہیں جوفسطائی مودی کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں۔یہ لفظ اب بھارت میں انتہائی معروف بن چکا ہے۔