مقبوضہ جموں و کشمیر

اقوام متحدہ کشمیریوں کے قتل عام اور جبری گرفتاریوں کا جائزہ لینے کیلئے اپنی ٹیم مقبوضہ کشمیر بھیجے

APHC

سرینگر19اکتوبر (کے ایم ایس )
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی قابض فورسز کی طرف سے تلاشی اور محاصرے کی کارروائیوں میں تیزی اور مقبوضہ علاقے کے اطراف و اکناف میں نام نہاد سیکورٹی کے نام پرتوہین آمیز تلاشیوں کی شدید مذمت کی ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری مولوی بشیر احمد عرفانی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ فسطائی بھارتی حکومت کشمیری عوام کو جانوروں سے بھی بدتر سلوک کانشانہ بنا رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیاکہ قابض افواج کی طرف سے عام کشمیریوں سے روارکھے گئے ناروا سلوک نے مقبوضہ علاقے میں بھارت کے سیاسی آلہ کاروں کوبھی تنہا کر دیا ہے ۔حریت ترجمان نے کشمیری عوام کے جذبہ حریت کاخیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ بھارت کی طرف سے کشمیر یوںکی جدوجہد آزادی کو دبانے کیلئے استعمال کئے گئے ظلم و بربریت کے تمام ہتھکنڈے ناکام ہو گئے ہیں ۔ مولوی بشیر احمد نے پونچھ ، شوپیاں ، سرینگر اور مقبوضہ کشمیر کے دیگر علاقوں میں شہید ہونیوالے کشمیریوںکو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مزاحمتی تحریک کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں کشمیریوں کے قتل عام ،جبری گرفتاریوں اور ظلم و تشدد کا خود جائزہ لینے کیلئے عالمی ادارے کی ایک ٹیم مقبوضہ علاقے کے دورے پر بھیجیں۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button