نجم الدین کی وفات کی برسی پر انہیں خراج عقیدت
مظفرآباد: آج ایک سیمینار میں مقررین نے تحریک آزادی کشمیر کے سرکردہ رہنما نجم الدین خان کو ان کی برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔
سیمینار کا اہتمام ماہنامہ کشمیر الیووم اور اوکجا نے کیا تھا ۔سیمینار کی صدارت کشمیر الیوم کے چیف ایڈیٹر شیخ محمد امین نے کی۔
مقررین نے کہا کہ نجم الدین خان کا پورا خاندان قربانیوں کا پیکر ہے، مرحوم کے والد قمرالدین خان جو تحریک آزادی کشمیر کے معروف رہنما محمد اشرف صحرائی کے بڑے بھائی تھے، نے جدوجہد آزادی کی پاداش میں بے پناہ مصائب اور مظالم کا سامنا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ تکی پورہ لولاب کے رہائشی نجم الدین خان کے بڑے بھائی عبدالقیوم خان کو بھی بھارتی فوجیوں نے شہید کر دیا ہے۔ نجم الدین خان نے بھارتی فوجیوں کے مظالم کے باعث 1993 میں آزاد جموں و کشمیر ہجرت کی تھی اور 24اگست 2022کومظفر آباد میں انتقال کر گئے۔
مقررین نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر میں نجم الدین خان کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
مقررین نے کل جماعتی حریت کانفرنس کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے رہنماوں ایڈوکیٹ مشتاق احمد وانی اورڈاکٹر عبدالاعلیٰ کو بھی انکی برسیوںپر خراج عقیدت پیش کیا ۔ انہوںنے کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما اور تحریک وحدت اسلامی کے سرپرست نثار حسین راتھر کو بھی خراج عقیدت پیش کیا جو تین روز قبل سرینگر میں وفات پا گئے تھے۔سمینار میں محی الدین ڈار،حبیب اللہ شیخ،نعیم الاسد،عبدالطیف ڈار،مقصود صوفی،محمد رفیق ،ابو ذر شوکت علی ،فرقان الہی،ڈاکٹربلال ،حیدر علی ،شجر خان اور دیگرنے شرکت کی۔