اقوام متحدہ کشمیر بارے اپنی قراردادوں پر عمل درآمد میں ناکام رہاہے ،راجہ نجابت حسین
میرپور06 جنوری (کے ایم ایس)
جموں وکشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے بارے میں اپنی قراردادوں پر عمل درآمد میں مکمل طور پر ناکام ہو چکاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق راجہ نجابت حسین نے میر پور میں کشمیریوں کے یوم حق خودارادیت کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جموں و کشمیر کے عوام نے اپنا بنیادی حق خودارادیت حاصل کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے۔انہوں نے کہاکہ برطانیہ، یورپ، امریکہ اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری و پاکستانی تحریک آزاد ی کشمیر کے سفیر کا کردار ادا کر رہے ۔راجہ نجابت حسین نے کہا کہ اہلیان کشمیر کا مستقبل پاکستان سے وابستہ ہے اور پاکستان کا استحکام،معاشی ترقی اور بقا مقبوضہ جموں وکشمیر کی بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی میں مضمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی ومعاشی طورپر ایک مضبوط پاکستان ہی مسئلہ کشمیر کے حل میں فیصلہ کن کردار ادا کر سکتا ہے۔انہوں نے عالمی طاقتوں پر زوردیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کے پائیدار حل کیلئے ٹھوس اقدامات کرے ۔