کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کا بانی پاکستان کو شاندار خراج عقیدت
اسلام آباد11 ستمبر (کے ایم ایس)
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے زیر اہتمام بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کو انکی برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ایک دعائیہ مجلس منعقد کی گئی ۔
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینئر محمود احمد ساغر کی صدارت میں منعقدہ تقریب میں حریت قائدین نے کہا کہ بانی پاکستان نے دوٹوک الفاظ میں کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کوئی خود دار قوم یا ملک یہ برداشت نہیں کر سکتا کہ اس کی شہ رگ پر دشمن کا قبضہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کا یہ بیان کشمیر اور کشمیریوں کے ساتھ ان کی فکری اور نظریاتی وابستگی کے ساتھ ساتھ ان کے گہرے تاریخی شعور کا بھی مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ قائداعظم کی شخصیت کے اعجاز کا ہی کرشمہ تھا کہ ریاست کے مسلمان ڈوگرہ فورسز کے ظلم و استبداد سے نہ صرف نبرد آزما ہوئے بلکہ اپنی قوت بازو سے ریاست کا 32ہزار مربع میل علاقہ ڈوگرہ تسلط سے آزاد کرا لیا۔انہوں نے کہا کہ دشمنان پاکستان نے ہر ممکن کوشش کی کہ پاکستان کا حصول ناممکن ہو۔اس مقصد کیلئے انہوں نے قائداعظم کی راہ میں روڑے اٹکائے اور انہیں ہرطرح کی لالچ دی لیکن بانی پاکستان نے ہر دشواری کا خندہ پیشانی سے مقابلہ کیا۔ حریت قائدین نے کہا کہ ہماری تمام تر جد وجہد کا مقصد کشمیر کی آزادی اور اس کا پاکستان کے ساتھ الحاق ہے۔بھارتی فوج نے اب تک کشمیری عوام پر ظلم و جبر کے جو پہاڑ توڑے ہیں تاریخ انسانی میں ان کی مثال ملنا مشکل ہے ۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں آج بھی نوجوانوں ، بچوں اوربزرگوں کا بے دریغ قتل عام کیا جا رہا ہے۔پوری دنیا سراپا احتجاج ہے لیکن معلوم یہ ہوتا ہے کہ بھارتی حکمران عالمی رائے عامہ سے قطعا بے نیاز ہیں۔ کسی بھی صورت میں کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق ، حق خود ارادیت دینے کیلئے تیار نہیں۔
ادھرکل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنماء چوہدری شاہین اقبال نے بھی ایک بیان میں قائداعظم محمد علی جناح کو ان کی برسی کے موقع پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں برصغیر کی عظیم شخصیت قرار دیاہے۔انہوں نے کہا کہ قائداعظم ایک عظیم صاحب بصیرت رہنما تھے جنہوں نے جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کو ایک علیحدہ وطن دلوایا۔انہوں نے کہا کہ بھارت اور مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں اور اقلیتوں کے خلاف مودی اور بھارتی حکومت کی ظالمانہ پالیسیوں سے ثابت ہوگیا ہے کہ برصغیر کے مسلمانوں کا 1947 میں علیحدہ وطن کا مطالبہ بالکل درست تھا۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو قائداعظم محمد علی جناح اور پاکستان سے بے پناہ محبت ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ جموںوکشمیر کی بھارتی تسلط سے آزاادی پاکستان سے الحاق کے بعد ہی تکمیل پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہو گا۔