مقبوضہ کشمیر :بھارتی فوجیوں نے رواں سال 68کشمیریوں کو شہید کیا
سرینگر12 ستمبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو کمزورکرنے کیلئے اپنی ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کے دوران رواں سال 68 کشمیریوں کو شہید کیا ہے۔
شہید ہونے والوں میں سے 3 کشمیری نوجوان اور3 خواتین بھی شامل ہیں جنہیں فوجیوں نے رواں سال جنوری سے اگست تک شہید کیا۔بھارتی فورسز نے نوجوانوں کو رواں سال پورے مقبوضہ علاقے میں جاری محاصرے اور تلاشی کی متعدد کارروائیوں کے دوران شہید کیا۔اس عرصے کے دوران 13کشمیریوں کو حراست کے دوران شہید کیا گیا جبکہ خواتین، حریت رہنمائوں، کارکنوں، تاجروں اور نوجوانوں سمیت 29سو افراد کو کالے قوانین کے تحت گرفتار کیا گیا۔
دفعہ 370اور 35Aکی منسوخی کے بعدبھارتی فورسز بشمول فوج، سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور بارڈر سیکورٹی فورس نے جموں و کشمیر کے نہتے عوام کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنانے کیلئے جدید ترین جنگی ہتھیار اور ٹیکنالوجی کا استعمال کیا تاکہ حق خود ارادیت کے حصول کی انکی جدوجہد کو کمزور کیاجاسکے ۔اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے پر ہر عمر اور جنس کے کشمیریوں کو بے رحمی سے قتل ، ظلم و تشدد کا نشانہ بنانے کے علاوہ ان کی توہین اورتذلیل کی جارہی ہے۔ دس لاکھ سے زائد بھارتی فوجیوں کی موجودگی میں مقبوضہ علاقہ دنیا کا وہ واحد مقام بن گیا ہے جہاں اتنی بڑی تعداد میں قابض فوج تعینات ہے ۔