شہریار آفریدی کا مظلوم کشمیریوں کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ
اسلام آباد 26 اکتوبر (کے ایم ایس) پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہریار خان آفریدی نے پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ مظلوم کشمیری بھائیوں کی سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری ررکھی جائے گی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شہریار خان آفریدی نے آج (منگل کو) اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقبوضہ جموںوکشمیر میں نسل کشی اور آبادی کے تناسب میں تبدیلی کو اجاگر کرنے کے لیے بین الاقوامی برادری اور فورمز کے ساتھ روابط بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوںنے مقبوضہ علاقے میں بھارتی قابض افواج کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مودی کی فسطائی حکومت بھارتی تشخص کے لیے خطرہ بن رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسی فسطائی پالیسیاں انتہائی تشویشناک ہیں کیونکہ یہ علاقائی امن کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔پریس کانفرنس میں شہریار آفریدی کے ہمراہ کل جماعتی حریت کانفرنس آزادکشمیر شاخ کے رہنما محمد فاروق رحمانی، سیدفیض نقشبندی ، شیخ عبدالمتین اور ڈاکٹر مجاہد گیلانی بھی موجود تھے۔