بھارتی یوم جمہوریہ پر احتجاج ریکارڈ کرانے پر کشمیریوں کو خراج تحسین
سرینگر26 جنوری (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے جموں و کشمیر کے آزادی پسند عوام کو بھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منانے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اسے بھارت کے لیے چشم کشا قرار دیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیری عوام مقبوضہ علاقے میں بھارتی یوم جمہوریہ کی تقریبات کے خلاف شدید احتجاج کے طور پر گھروں کے اندر رہے۔انہوں نے کہا کہ تمام سڑکیں، گلیاں، شہر اور دیہات ویران نظر آئے جبکہ کشمیریوں کے لیے زندگی ٹھپ ہو کر رہ گئی۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ خدمات معطل کی گئیں جبکہ قابض فورسز نے پورے جموں و کشمیر کو فوجی چھاو¿نی میں تبدیل کر دیا ۔ ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ علاقہ باقی دنیا سے کٹ کے رہ گیا۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے بھارتی ناجائز قبضے کے خلاف انتہائی نظم و ضبط کے ساتھ مزاحمتی تحریک جاری رکھنے پر کشمیری عوام کی بہادری اور حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کو اس موقع پر بیدار ہوکر جموں و کشمیر پر بھارتی فوجی محاصرے کا سنجیدگی سے نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کی کہ بھارت کو حق خود ارادیت کے جائز مطالبے کو دبانے کا کوئی حق نہیں ہے جب کہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادیں ابھی تک زیر التواءہیں۔ترجمان نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض فورسزکی طرف سے کیے جانے والے قتل عام، گرفتاریوں اور وسیع پیمانے پر تباہی کا نوٹس لیں اور مسئلہ کشمیرکو عالمی ادارے کی قراردادوں کے مطابق کرانے میں مدد کریں۔