مقبوضہ جموں و کشمیر

”ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی“ پر پابندی کی مذمت

APHC (1)

سرینگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماﺅں اور تنظیموں نے نریندر مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت کی طرف سے آزادی پسند تنظیم ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی پر پابندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس اقدام کو مکمل طور پر بلا جواز اور غیر قانونی قرار دیاہے ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پرنظر بند جنرل سکریٹری مولوی بشیر احمد عرفانی نے جیل سے اپنے ایک پیغام میں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی پر پابندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اس طرح کی کارروائیوں سے نہ پہلے کبھی کشمیریوں کو اپنے مقصد سے پیچھے ہٹا سکا ہے ا ور نہ ہی آئندہ ہٹا سکے گا۔ انہوںنے کہا کہ ایسے غیر جمہوری و غیر منصفانہ اقدامات سے کشمیریوں کا جذبہ کا جذبہ آزادی مزید مستحکم و توانا ہوتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ غیر قانونی بھارتی قبضے کے خلاف کشمیریوں کی جدوجہداس وقت جاری رہے گی جب تک انہیں اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت نہیں دیا جاتا ۔مولوی بشیر عرفانی نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ بھارتی فورسز کی طرف سے کشمیریوں پر جاری بدترین مظالم اور مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی بھارتی کارروائیوں کانوٹس لیں اور کشمیریوںکو انکا پیدائشی حق ، حق خود ارادیت دلانے کیلئے بھارت پر دباﺅ ڈالیں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماﺅں فیاض حسین جعفری اور سید سبط شبیر قمی نے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میںڈیموکریٹک فریڈم پارٹی پر پابندی کوسراسر بلاجواز اور غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اسکی مذمت کی ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کا سب سے بڑا نام نہاد جمہوری ملک بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں جمہوری اقدار اور اصولوں کی دھجیاں اڑا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری جموں وکشمیر کو ایک متنازعہ خطہ تسلیم کرتی ہے جبکہ اقوام متحدہ نے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حوالے سے کئی قراردادیں پاس کر رکھی ہے، لہذا کشمیریوں کی غیر قانونی بھارتی قبضے کے خلاف جدوجہد بالکل جائز اور منصفانہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کی تحریک مزاحمت کو طاقت کے بل پر دبانے اور آزادی پسند تنظیموں پر پابندی کا بھارتی اقدام عالمی قوانین اور اصولوں کے بھی منافی ہے۔فیاض حسین جعفری اور سید سبط شبیر قمی کہا کہ ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی پر پابندی بھارتی بوکھلاہٹ کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو ذہن نشین کرنا چاہیے کہ جابرانہ کارروائیوں اور اوچھے ہتھکنڈوں سے آزادی کی تحریکوں کو ہرگز کچلا نہیں جاسکتا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی رہنما فریدہ بہن جی نے سرینگرمیں جاری ایک بیان میں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی پر پابندی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جموں وکشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ ایک متنازعہ علاقہ ہے اور کشمیری اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق اپنے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ حق خود ارادی کے لیے جدوجہد کرنے والی کسی جماعت پر پابندی سراسر بلا جواز اور غیر قانونی ہے۔ فریدہ بہن جی نے کہا کہ بھارت اپنے جابرانہ اقدامات سے کشمیریوں کو اپنی جدوجہد سے دستبردار ہونے پر ہرگز مجبور نہیں کرسکتا۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی تنظیموں جموں کشمیر ڈیموکریٹک پلٹکل موومنٹ، جموں کشمیر فریڈم فرنٹ، اور جموں کشمیر ایمپلائز موومنٹ نے بھی سرینگر سے جاری ایک مشترکہ بیان میں سینئر حریت رہنما شبیر احمد شاہ کی سربراہی میں قائم جموں وکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی(ڈی ایف پی)پر پابندی کی شدید مذمت کی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ بی جے پی حکومت آزادی پسند تنظیموں پر پابندی سے اپنے مذموم مقاصد میں ہرگز کامیاب نہیں ہو گی اور وہ غیر قانونی بھارتی قبضے کے خلاف اپنی مزاحمت جاری رکھیں گی۔انہوںنے اقوام متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم اور یورپی یونین پر زور دیا کہ وہ بھارت کو عالمی ادارے کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے کوشاں مقبوضہ جموںوکشمیر کی سیاسی جماعتوں پر پابندی سے روکیں۔
دریںاثناکل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں کشمیر شاخ کے رہنماﺅں محمد فاروق رحمانی، غلام محمد صفی، سید یوسف نسیم، میر طاہر مسعو د،سید فیض نقشبندی، الطاف حسین وانی ،شیخ عبدالمتین، امتیاز وانی ،شیخ محمد یعقوب، نثار مرزا، حسن البنا ،الطاف احمد بٹ، ، زاہد صفی، حاجی سلطان بٹ، سید مشتاق، ، عدیل مشتاق وانی، ، عبدالمجید، محمد اشرف ڈار، شیخ عبدالمجید،سید اعجاز رحمانی، ایزوکیٹ پرویز احمد، مشتاق احمد بٹ، زاہد اشرف، گلشن احمد اور منظور احمد ڈار نے بھی اسلام آباد میں جاری ایک مشترکہ بیان میں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی (ڈی ایف پی )پر پابندی کی مذمت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کا چارٹر کشمیریوں کو اپنے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کا حق دیتا ہے ، شبیر احمد شاہ کی تنظیم ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی بھی مذکورہ حق کیلئے پر امن جدوجہد کر رہی ہے لہذا انکی پارٹی پر پابندی کا کوئی جواز نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت آزادی پسند تنظیموں پر پابندی سے اپنے مذموم مقاصد میں ہرگز کامیاب نہیں ہو گی اور وہ غیر قانونی بھارتی قبضے کے خلاف اپنی مزاحمت جاری رکھیں گی۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button