فرقہ پرست طاقتیں کشمیر کے حقیقی سیاسی نمائندوں کو تنہا کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، فاروق عبداللہ
سرینگر03مارچ (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ فرقہ پرست عناصر مقبوضہ علاقے کی حقیقی نمائندہ جمہوری قوتوں کو سیاسی طور پر بے اثر کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
فاروق عبداللہ نے گاندربل میں پارٹی عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فرقہ پرست طاقتیں انتخابی حلقہ بندیوں کی آڑ میں کشمیر کے حقیقی سیاسی نمائندوں کو سیاسی طور پر تنہا کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔پیپلز الائنس فار گپکار ڈیکلریشن (پی اے جی ڈی ) کے وائٹ پیپر سے متعلق بی جے پی کے رد عمل کوبوکھلاہٹ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بی جے پی کہتی ہے کہ گپکار اتحاد یہ سب کچھ اقتدار کیلئے کررہاہے ۔تاہم انہوں نے کہاکہ بی جے پی کو ہم پر انگلی اٹھانے سے پہلے اپنے گریبان میں دیکھنا چاہیے۔ ڈاکٹر فاروق عبدا للہ نے کہاکہ اقتدار کیلئے تو وہ لڑ رہے ہیں،وہ لوگوں کو کس لئے خرید رہے ہیں، وہ کیا کوئی خدائی خدمت کر رہے ہیں۔ انہوں نے سوال کیاکہ بی جے پی یو پی سمیت پانچ ریاستوں میں کیا کررہی ہے؟انہوں نے کہاکہ بی جے پی اقتدار کیلئے لڑ رہی ہے یا کسی اور چیز کے لئے؟ انہوں نے کہاکہ بی جے پی کی قیادت بوکھلاہٹ کے شکار ہے کیونکہ ان کے تمام حربے ناکام ہورہے ہیں۔ اس موقع پر پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساغر اورگاندربل کے ضلعی صدر حاجی غلام محمد راتھر اوردیگر بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے ڈھائی سال بعد سیاسی پارٹیوں کے اتحاد پیپلز الائنس فار گپکار ڈیکلریشن نے 27فروری کو ایک وائٹ پیپر جاری کیا تھا جس میں کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے نتائج کے حوالے سے بی جے پی کے دعووئوں کو بے نقاب کیا گیا تھا۔