مقبوضہ جموں و کشمیر

وزیر اعظم پاکستان نے جنرل اسمبلی سے خطاب میں کشمیریوں کے جذبات کی بھر پور ترجمانی کی، حریت رہنما

 

PM APHCسرینگر 23 ستمبر (کے ایم ایس) کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں تنازعہ کشمیر کو بھر پور طریقے سے اجاگر کرنے اور کشمیریوں کی امنگوں کی بھر پور نمائندگی کرنے پر پاکستان کے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کا شکریہ ادا کیا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وزیراعظم نے گزشتہ رات اپنے خطاب میں تنازعہ کشمیر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان امن کی کنجی قراردیتے ہوئے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر کے بارے میں اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کا تنازعہ عالمی ادارے کے ایجنڈے پر موجود قدیم ترین تنازعات میں سے ایک ہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظربند سینئر رہنما شبیر احمد شاہ نے نئی دہلی کی تہاڑ جیل سے ایک پیغام میں پاکستانی وزیر اعظم کی تقریر کو کشمیریوں کے جذبات کا حقیقی عکاس قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری تحریک آزادی کی بھر پور حمایت پر پاکستانی حکومت اور عوام کے شکر گزار ہیں۔شبیر احمد شاہ نے کہا کہ پاکستان نے تنازعہ کشمیر کو بین الاقوامی فورمز پر مسلسل اٹھایا ہے اور اس کے جلد حل کے بارے میں عالمی سطح پر بیداری پیدا کرنے کے لیے سیاسی اور سفارتی کوششیں کی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عالمی برادری کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے کے لیے بھارت کے وحشیانہ ہتھکنڈوں کا نوٹس لے گی۔ شبیر احمد شاہ نے مزید کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ عالمی برادی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم پر بھارت کو جوابدہ ٹھہرانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماﺅں خواجہ فردوس ، سید بشیر اندرابی اور محمد شفیع لون نے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کے خطاب کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوںنے عالمی پلیٹ فارم پر مسئلہ کشمیر کوانتہائی موثرانداز میں اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ دنیا مسئلہ کشمیر کی حقیقت کو سمجھے اور اسے اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کیلئے کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور کشمیری عوام کی مرضی کے مطابق حل چاہتا ہے لیکن بھارت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے خطے میں کشیدگی پائی جاتی ہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماﺅں فیاض حسین جعفری اور سید سبط شبیر قمی نے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں نگران وزیر اعظم کے خطاب کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے بھارتی ریاستی دہشت گردی کا شکار کشمیریوں کے جذبات کا عکاس قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کا حق خود ارادیت فوجی طاقت کے بل پر سلب کر رکھا ہے جبکہ پاکستان انکے اس پیدائشی حق کا ایک زبردست وکیل اور حامی ہے۔بھارت کی مسلسل ہٹ دھرمی اور ڈھیٹ پن کیوجہ سے نہ صرف کشمیری گونا گوں مسائل ومشکلات کا شکار ہیں بلکہ یہ پورا خطہ ایک غیر یقینیصورت حال سے دوچارہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنی بھر پور سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت پر مملکت خداداد پاکستان کے انتہائی مشکور ہیں۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما چوہدری شاہین اقبال نے ایک بیان میںوزیراعظم کی تقریر کو انتہائی لائق تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کشمیریوں کے جذبات کی حقیقی ترجمانی کی ، کشمیر کا مسئلہ بھرپور انداز میں اٹھایا، عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کی تاریخ سے آگاہ کیااور کشمیریوں کا محسن ہونےکا ثبوت دیا۔انہوںنے کہا کہ عالمی برادری کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کیلئے کردار ادا کرے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر کے کنوینر محمود احمد ساغر نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں نگران وزیر اعظم کی تقریر کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عالمی پلیٹ فارم پر مسئلہ کشمیر کوانتہائی موثرانداز میں اجاگر کیا اور عالمی برادری کو آگاہ کیا کہ علاقائی اور عالمی امن و ترقی کیلئے مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل ضروری ہے۔محمود احمد ساغر نے کہا کہ بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کشمیریوں کا جینا دوبھر کر رکھا ہے جبکہ پاکستان کی بھر پور خواہش ہے کہ کشمیریوں کو مذکورہ قراردادوں کے مطابق انکا پیدائشی حق ، حق خود ارادیت ملے۔کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے سینئر رہنما غلام محمد صفی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں مسئلہ کشمیرکو اس کے صحیح پس منظر کے ساتھ اقوام عالم کے سامنے رکھنے پر نگران وزیراعظم کوخراج تحسین پیش کیا ۔انہوںنے امید کا اظہار کیا ہے کہ سلامتی کونسل جموں وکشمیر کے بارے میں اپنی قراردادوں کے نفاذ کو یقینی بنانے کیلئے عملی اقدمات کرے گی۔کل جماعتی حریت کانفرنس آزادجموں وکشمیر شاخ کے رہنما الطاف حسین وانی نے ایک بیان میں مسئلہ کشمیر کو بھرپور طریقے سے اٹھانے پر پاکستانی وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگ حق خود ارادیت کی اپنی منصفانہ جدوجہد میں مسلسل حمایت پر حکومت پاکستان اور عوام کے شکر گزار ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر نگران وزیراعظم کا جرات مندانہ موقف کشمیر کے کاز کے تئیں پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا ثبوت ہے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button