حریت تنظیموں کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحا ل پر اظہار تشویش
سرینگر13: غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں حریت تنظیموں نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جموں وکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے رہنما ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں جعلی مقابلوں میں نہتے کشمیری نوجوانوں کا قتل عام روزکا معمول بن چکا ہے۔ کشمیریوں کے قتل کو بھارتی حکومت کی بوکھلاہٹ قراردیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی کی فرقہ وارانہ بھارتی حکومت جو کشمیری عوام کے جذبہ حریت اور مزاحمت کو دبانے میں بری طرح ناکام رہی ہے، اب وہ ظلم و بربریت اور بے گناہ نوجوانوں کے بے دریغ قتل عام کر رہی ہے ۔ جموں و کشمیر نیشنل فرنٹ کے رہنما شفیق الحق نے کہا کہ کشمیر ی نوجوان جو مزاحمتی تحریک میں سب سے آگے ہیں، بھارت کے ناجائز تسلط سے آزادی کے حصول کے لیے جاری جدوجہد میں بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں۔ مقبوضہ علاقے کی سنگین صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے مسلسل خونریزی، قتل و غارت اور کشمیریوں کی جبری گرفتاریوں نے مقبوضہ کشمیرمیں صورتحال معمول پر آنے کے بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کے دعوئوں کو بری طرح بے نقاب کر دیا ہے۔ انہوں نے گھر پر چھاپوں کووحشیانہ جارحیت اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کی ہندوتوا حکومت ظلم و بربریت کے تمام تر ہتھکنڈے استعمال کرنے کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور کرنے میں ناکام رہی ہے۔ تحریک وحدت اسلامی کے چیئرمین فیاض حسین جعفری اور پیروان ولایت کے سرپرست سید سبط شبیر قمی نے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ بھارتی ریاستی دہشت گردی، جنگی جرائم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں نے مظلوم کشمیری عوام کی زندگی کو جہنم بنا دیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ مودی حکومت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرنے کے بجائے وحشیانہ طاقت کے استعمال کشمیریوں کی آواز کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کو یاد رکھنا چاہیے کہ عوامی تحریکوں کو فوجی جبر کے ذریعے شکست نہیں دی جا سکتی اور کشمیری اپنی جدوجہد آزادی کواسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہیں۔ جموں و کشمیر سالویشن موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر عرفان احمد نے مقبوضہ کشمیرکی ابتر صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند دنوں میں بھارتی فورسزنے درجنوں کشمیریوں کوکالے قانون کے تحت بلا جواز طورپر گرفتار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے بین الاقوامی تنظیموں کو مقبوضہ علاقے میں بھارتی ریاستی دہشت گردی میں اضافے کا نوٹس لینا چاہیے۔ جموں و کشمیر سوشل یوتھ فورم کے چیئرمین مولانا مصعب ندوی نے پارٹی رہنما عمر ڈار اور آصف علی سمیت حریت رہنمائوں، کارکنوں اور نوجوانوں کی بھارت اور مقبوضہ کشمیر کی مختلف جیلوںمیں مسلسل نظربندی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عالمی برادری سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے کردار ادا کرے۔