مقبوضہ جموں و کشمیر
بھارت :یوگی حکومت نے نئے مدارس کو گرانٹ روکنے کی منظوری دے دی
لکھنو18مئی (کے ایم ایس) بھارتی ریاست اتر پردیش کی حکومت نے نئے مدارس کواپنی گرانٹ کی فہرست سے خارج کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق اکھلیش یادو حکومت کی پالیسی کو ختم کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ نئے مدارس کو کوئی گرانٹ نہیں ملے گی۔یوپی حکومت نے اپنے آخری بجٹ میں مدرسوں کوجدید خطوط پر استوار کرنے کی اسکیم کے تحت 4ارب79کروڑ روپے مختص کیے تھے جس سے ریاست میں کل 16ہزاررجسٹرڈ مدارس میں سے 558اداروں کو فنڈز فراہم کیے گئے تھے۔نئے مدارس کی فنڈنگ روکنے کا فیصلہ اتر پردیش حکومت کی جانب سے ریاست کے مدارس میں تمام طلباء اور اساتذہ کے لیے کلاسز شروع کرنے سے پہلے قومی ترانہ گانا لازمی قرار دیئے جانے کے ایک ہفتے کے اندر آیا۔ حکم نامہ 12مئی کو جاری کیا گیا تھا۔