مقبوضہ جموں و کشمیر

کل جماعتی حریت کانفرنس کی27اکتوبر کویوم سیاہ منانے کی اپیل

pos27-1A

سرینگر: کل جماعتی حریت کانفرنس نے غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں زور دیا ہے کہ وہ 27 اکتوبر کو یوم سیاہ مناکر عالمی برادری کو تنازعہ کشمیر کے فوری حل کی اہمیت سے آگاہ کریں کیونکہ تین جوہری طاقتیں اس دیرینہ تنازعے کی فریق ہیں ۔
27اکتوبر 1947کو بھارتی فوجیوں نے تقسیم برصغیر کے منصوبے کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہوئے اورکشمیریوں کی خواہشات کے برخلاف جموں و کشمیر میں اپنی فوجیں اتارکر اس پر غیر قانونی اور غیر اخلاقی طور پرقبضہ کر لیاتھا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر وائس چیئرمین غلام احمد گلزار نے سرینگر سے جاری اپنے بیان میں دنیا بھر میں مقیم تمام کشمیریوں سے 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کی اپیل کی ہے۔انہوں نے کہاکہ کشمیری اپنے منصفانہ حق خودارادیت کا مطالبہ کر رہے ہیں جس کا اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری نے ان سے وعدہ کیاتھاتاہم بھارت بے گناہ کشمیریوں کو فوجی طاقت کے بل پر دبانے کی کوشش کر رہا ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کو ایک فوجی چھائونی میں تبدیل کر دیا گیا ہے ،جہاں جبری گمشدگیاں، دوران حراست قتل، ہراساں کرنا اورظلم و تشدد کا نشانہ بناناروز کا معمول بن چکا ہے۔حریت رہنماء نے کہاکہ 4 سال سے زائد عرصے سے کشمیری 10لاکھ سے زائد قابض بھارتی فوجیوں کے مسلسل محاصرے میں ہیں جو نہتے کشمیریوں کو وحشیانہ ظلم و تشدد ، قتل عام اورانتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنارہے ہیں جبکہ مودی حکومت کشمیریوں پراپنا ہندوتوا ایجنڈا مسلط کرنے اور مقبوضہ علاقے کی آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے پر تلی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی ماڈل پر عمل درآمد کرتے ہوئے مودی کی ہندوتوا حکومت کشمیریوں کی نسل کشیُ کر رہی ہے اور انہیں ان کی سرزمین، شناخت، وسائل اور ثقافت سے محروم کر رہی ہے۔غلام احمد گلزار نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے دنیا سے اپیل کی کہ وہ غزہ میں انسانیت کو اسرائیلی جارحیت اور بمباری سے بچائیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود دیرینہ حل طلب تنازعات ہیں اگر دونوں خطوں کے عوام کو حق خود ارادیت نہ دیا گیا تو عالمی امن کو مسلسل خطرہ لاحق رہے گا ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اسرائیل اور بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم نے پوری دنیا کے امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔
ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں ہلال احمد وار،ایڈووکیٹ دیویندر سنگھ بہل اورجموں وکشمیر نیشنل فرنٹ نے سرینگر اور جموں میں ایک بیانات میں کہا ہے کہ 27اکتوبر 1947جموں و کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے بہادر عوام بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف اور عالمی برادری کی طرف سے تسلیم کئے گئے اپنے حق خودارادیت کے حصول کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے بھارت اور مقبوضہ کشمیر کی جیلوںمیں غیر قانونی طورپر نظربند حریت رہنمائوں کی گرتی ہوئی صحت پر بھی سخت تشویش ظاہر کی ۔
سرینگر اور مقبوضہ کشمیر کے دیگر علاقوں میں ایک بار پھر پوسٹر چسپاں کئے گئے ہیں جن میں کشمیریوں سے 27 اکتوبر بروز جمعہ کو یوم سیاہ منانے کی اپیل کی گئی ہے ۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button