بھارت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے کیلئے طاقت کا وحشیانہ استعمال کر رہا ہے ، تحریک خواتین کشمیر
22 دسمبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں تحریک خواتین کشمیرنے مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے نہتے کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کشمیریوں کی حق پر مبنی جاری جدوجہد آزادی کو دبانے کیلئے طاقت کا وحشیانہ استعمال کر رہی ہے ۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق تحریک خواتین کشمیرکی سربراہ زمرودہ حبیب اور جنرل سیکرٹری شمیم شال نے ایک مشترکہ بیان میں عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارت کی طرف سے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں،فوجی طاقت کے وحشیانہ استعمال اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوںکا سخت نوٹس لے ۔ انہوں نے کشمیری عوام پر زوردیا کہ وہ بھارت کے مذموم عزائم کے خلاف متحد ہو کر اپنی آواز بلند کریں ۔انہوں نے بھارت کی طرف سے محکمہ بجلی کی نجکاری اور زرعی اراضی کو غیر زرعی مقاصد کیلئے استعمال کی اجازت دینے سے متعلق نئے اراضی قوانین کی منظوری پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ یہ اقداما ت بھارت کی کشمیر دشمن پالیسی کا حصہ ہیں جن کا مقصدجموں وکشمیر کی معیشت کو کمزور کرنا اور مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو بگاڑنا ہے جو کہ اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔زمرودہ حبیب اور شمیم شال نے اقوام متحدہ، یورپی یونین اور او آئی سی پر زور دیا کہ وہ بھارت کو جموں وکشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے سے روکیں اور دیرینہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے میں اپنا کرداراداکریں۔