پاکستان

مختلف ملکوں میں قائم پاکستانی سفارتخانوں میں ’یوم سیاہ‘ کی مناسبت سے تقاریب کا انعقاد

KBD Beijingٹوکیو:دنیا کے مختلف ملکوں میں قائم پاکستانی سفارتخانوں میں آج ”یوم سیاہ “ کی مناسبت سے تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ بھارت نے 27اکتوبر1947کو تقسیم برصغیر کے فارمولے اور کشمیریوں کی خواہشات کے منافی جموں وکشمیر پر قبضہ جما لیا تھا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق جاپان کے دارلحکومت ٹوکیو میں پاکستانی سفارتخانے میں منعقدہ تقریب میں پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کے ارکان کے علاوہ جاپانی میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان کے صدر، وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے جن میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے ان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا گیاتھا۔سفیر رضا بشیر تارڑ نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے ڈھائے جانے والے مسلسل مظالم پر روشنی ڈالی اور کشمیر کاز کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے رہنما سید فیض نقشبندی کا ایک ویڈیو پیغام بھی سنایا گیا جس میں انہوں نے مقبوضہ علاقے میں جاری بھارتی جبر و ستم کی تازہ لہر اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے بارے میں بتایا۔سفارت خانے میں مقبوضہ علاقے میں بھارتی مظالم کے حوالے سے ایک تصویری نمائش کا اہتمام بھی کیا گیا۔قبل ازیں پاکستانی اور کشمیری تارکین وطن نے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے ٹوکیو میں بھارتی سفارت خانے کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ انہوں نے ٹوکیو میں اقوام متحدہ کے دفتر میں ایک یادداشت بھی پیش کی۔ روس کے دارلحکومت ماسکو میں پاکستانی سفارتخانے میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ماسکو میں تعینات پاکستان کے سفیر محمد خالدجمالی اور سفارتخانے کے دیگر عملے کے علاوہ کشمیری اور پاکستانی تارکین وطن شریک تھے۔تقریب کے اختتام پر مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔اس موقع پر صدر اور وزیر اعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔چین کے دارلحکومت بیجنگ میں بھی پاکستان کے سفارت خانے میں بھی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میںصدر، وزیر اعظم اور وزیر خارجہ پاکستان کے خصوصی پیغامات پڑھے گئے،جن میں کشمیر کاز کے لیے پاکستان کی مسلسل سیاسی، اخلاقی اور سفارتی وابستگی اور حمایت کا بھر پور اعادہ کیا گیا۔
اس موقع پر ڈپٹی ہیڈ آف مشن بلال محمود چوہدری نے کہا کہ پاکستان گزشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے عظیم قربانیاں دینے والے اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے شانہ بہ شانہ کھڑا ہے۔۔انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ جموں و کشمیر کے دیرینہ تنازعہ کے پرامن اور دیرپا حل میں اپنا کردار ادا کرے۔ تقریب سے چین کے ممتاز دانشور اور جنوبی ایشیا کے ماہر کیان فینگ نے بھی خطاب کیا۔
سفارتخانے نے اس موقع پر بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کے بارے میں ایک تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیا تھا۔
اوٹاوا میں پاکستانی ہائی کمیشن اور مونٹریال، ٹورنٹو اور وینکوور میں قونصل جنرلز نے آج یوم سیاہ کے حوالے سے مشترکہ طور پر ایک تصویری نمائش کا اہتمام کیا۔
پاکستان کے ہائی کمشنر ظہیر اے جنجوعہ اس موقع پر اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ہم کشمیری بھائیوں کے ساتھ اپنی غیر متزلزل حمایت اور یکجہتی کے اظہار کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں جنہیں حق خودارادیت کی جدوجہد کی پاداش میں بڑے پیمانے پر بھارتی جبر کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی اپنے حق خودارادیت کے لیے دلیرانہ جدوجہد نے ثابت کر دیا ہے کہ بھارت فوجی طاقت کے ذریعے انہیںہرگز دبا نہیں سکتا۔
دریں اثنا پاکستانی کمیونٹی کے ارکان اور کشمیریوں نے اوٹاوا میں کینیڈین پارلیمنٹ کے سامنے اور مونٹریال، ٹورنٹو اور وینکوور میں بھارت مخالف ریلیاں بھی نکالیں۔
افغانستان کے دارلحکومت کابل میں بھی پاکستانی سفارتخانے میں یوم سیاہ کے سلسلے میں ایک تقریب منعقد کی گئی۔اس موقع پر نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم کے بارے میں ایک دستاویزی فلم دکھائی گئی جبکہ سفیر عبید الرحمان نظامانی نے حق خود ارادیت کی جدوجہد میں کشمیریوں کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button